وفاقی وزیر برائے مذہبی امور چوہدری سالک حسین نے انڈونیشیا کے ناظم الامور رحمت ہندیارتا کسوما سے ملاقات کی۔
اسلام آباد میں وفاقی وزیر برائے مذہبی امور چوہدری سالک حسین کی انڈونیشیا کے ناظم الامور رحمت ہندیارتا کسوما سے ملاقات ہوئی، ملاقات میں مذہبی ہم آہنگی اور رواداری کے فروغ کے حوالے سے مختلف تجاویز پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین نے کہا کہ عالم اسلام کو اتحاد و وحدت کی اشد ضرورت ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ حالات اور چیلنجز کے پیش نظر مسلم ممالک کو مذہبی ہم آہنگی، رواداری، اور وحدت کے فروغ کی ضرورت ہے۔
وفاقی وزیر نے یہ بھی کہا کہ اسلام ہمیں وحدت امت، امن، اخوت، احترام انسانیت، اور بھائی چارے کا درس دیتا ہے۔
انڈونیشیا کے ناظم الامور رحمت ہندیارتا کسوما نے اس موقع پر کہا کہ دنیا میں قیام امن کے لیے مذاہب اور تہذیبوں کے درمیان مکالمے کی اشد ضرورت ہے۔
چوہدری سالک حسین مزید کہنا تھا کہ برداشت اور احترام کا رویہ اسلام کی تعلیمات کا لازمی حصہ ہے۔
ملاقات کے دوران دونوں ممالک نے انتہاء پسندی اور شدت پسندی کے خاتمے کے لیے اور بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کے لیے باہمی تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔