سرائے عالمگیر کے نواحی گاؤں قصبہ میں شارٹ سرکٹ کے باعث لگنے والی خوفناک آگ نے تباہی مچا دی۔
سرائے عالمگیر کے نواحی گاؤں قصبہ میں شارٹ سرکٹ کے باعث لگنے والی خوفناک آگ نے تباہی مچا دی۔ آتشزدگی کا یہ واقعہ پیٹ ہارڈویئر اسٹور اور ایک پیٹرول ایجنسی میں پیش آیا، جہاں اچانک آگ بھڑک اٹھی اور دیکھتے ہی دیکھتے اس نے آس پاس کی تین دکانوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔
بدقسمتی سے، سرائے عالمگیر میں فائر بریگیڈ کی سہولت نہ ہونے کے باعث امدادی کارروائی میں شدید تاخیر ہوئی۔ جہلم اور کھاریاں سے فائر بریگیڈ کی ٹیمیں طلب کی گئیں، لیکن جب تک وہ موقع پر پہنچیں، دکانوں میں موجود تمام سامان جل چکا تھا۔
متاثرہ دکانداروں نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ حادثے میں انہیں تقریباً 50 لاکھ روپے کے مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
واقعے کے بعد علاقہ مکینوں میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے، جو فائر برگیڈ کی عدم دستیابی اور مقامی انتظامیہ کی غفلت پر سوال اٹھا رہے ہیں۔