سرائے عالمگیر: پولیس تھانہ صدر سرائے عالمگیر نے انٹیلیجنس اطلاعات پر کامیاب کارروائی کرتے ہوئے مختلف مقدمات میں مطلوب انتہائی خطرناک ملزم شہباز عرف باجا کو گرفتار کر لیا۔ ملزم کے قبضے سے کلاشنکوف اور 1550 گرام چرس بھی برآمد ہوئی ہے۔
پولیس حکام کے مطابق ملزم شہباز عرف باجا اپنے ساتھیوں کے ہمراہ مقامی افراد کو نشانہ بناتا اور واردات کے بعد سرکاری اراضی رکھ پبی میں جا چھپتا، جہاں اس نے عارضی رہائش اختیار کر رکھی تھی۔ اس کی گرفتاری پولیس کے لیے ایک بڑا چیلنج بن چکی تھی۔
ڈی پی او گجرات مستنصر عطاء باجوہ کی ہدایت پر ڈی ایس پی میاں محمد آصف کی نگرانی میں ایس ایچ او انسپکٹر شیراز حیدر اور دیگر افسران پر مشتمل خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئیں۔ انٹیلیجنس ذرائع سے اطلاع ملی کہ ملزم اپنے گاؤں چوآء قبرستان میں موجود ہے اور اسلحہ و منشیات سمیت مشتبہ سرگرمیوں میں ملوث ہے۔
پولیس پارٹی نے ریڈ کیا تو ملزمان نے فائرنگ شروع کر دی۔ پولیس نے بہترین حکمت عملی اور پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے شہباز عرف باجا کو گرفتار کر لیا جبکہ اس کے دیگر ساتھی رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہو گئے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ فرار ہونے والے ملزمان کی گرفتاری کے لیے کوششیں جاری ہیں اور انہیں جلد قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔