جمعہ, 25 اپریل , 2025

جلالپور جٹاں و گردونواح میں افسوسناک حادثات اور وارداتیں، شہری عدم تحفظ کا شکار

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

جلالپور جٹاں اور اس کے نواحی علاقوں میں ایک ہی دن کے دوران افسوسناک حادثات اور جرائم کی متعدد وارداتیں پیش آئیں، جنہوں نے نہ صرف شہریوں کو غمگین کیا بلکہ علاقے میں بڑھتے ہوئے عدم تحفظ کے احساس کو بھی اجاگر کیا ہے۔

پہلا دل دہلا دینے والا واقعہ جلالپور جٹاں کے گاؤں لکھن وال میں پیش آیا، جہاں دس سالہ ایمان سیرت نامی معصوم بچی اسکول بس میں سوار تھی کہ اچانک اس کا پاؤں پھسل گیا۔ بدقسمتی سے بچی نیچے گری اور بس کے ٹائروں کے نیچے آ کر جاں بحق ہو گئی۔

latest urdu news

ریسکیو ذرائع کے مطابق، ایمان کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم ڈاکٹرز نے اس کی موت کی تصدیق کر دی۔ ضروری کارروائی کے بعد بچی کی میت اہل خانہ کے سپرد کر دی گئی۔ واقعے کے بعد اہلِ علاقہ میں شدید غم و غصہ پایا جا رہا ہے۔

اسی دن جلالپور جٹاں کے مختلف علاقوں میں تین مسلح ڈکیتیاں بھی رپورٹ ہوئیں۔

نند پور میں گن پوائنٹ پر مسلح ڈاکوؤں نے ہاشم علی سے نقدی اور موبائل فون چھین لیا۔

دوسرا واقعہ کھیوہ روڈ، بھاگووال کے قریب پیش آیا جہاں ابرار سے قیمتی سامان اور دستاویزات لوٹ لیے گئے۔

جبکہ منگووال شرقی میں ڈاکوؤں نے محمد عالم کو نشانہ بنا کر اس کی نقدی اور موبائل فون چھین لیا۔

پولیس تھانہ صدر جلالپور جٹاں نے تینوں واقعات کا نوٹس لیتے ہوئے الگ الگ مقدمات درج کر لیے ہیں، تاہم تاحال کسی گرفتاری کی اطلاع نہیں دی گئی۔

ادھر کڑیانوالہ میں ایک اور افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں صبح کی سیر کے لیے جانے والی بزرگ خاتون کو نشانہ بنایا گیا۔ واپڈا دفتر کے قریب نامعلوم موٹر سائیکل سوار ڈاکوؤں نے بزرگ خاتون کے کانوں سے زبردستی سونے کی بالیاں نوچ لیں اور فرار ہو گئے۔

پولیس نے متاثرہ خاتون کے بیٹے کی مدعیت میں مقدمہ درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔

ان پے در پے واقعات نے شہریوں میں تشویش کی لہر دوڑا دی ہے، جو پولیس اور انتظامیہ سے فوری اور مؤثر اقدامات کا مطالبہ کر رہے ہیں تاکہ قانون کی عملداری بحال ہو اور لوگ خود کو محفوظ محسوس کر سکیں۔

شیئر کریں:
frontpage hit counter