پاکستان نے میزبان چین کو 1 کے مقابلے میں 5 گول سے شکست دے کر ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی کے سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا۔
چین میں جاری ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی کے میچ میں پاکستانی ٹیم نے آغاز سے ہی چین پر دباؤ برقرار رکھا۔ پہلے کوارٹر میں دونوں ٹیمیں گول کرنے میں ناکام رہیں، تاہم دوسرے کوارٹر کے آٹھویں منٹ میں حنان شاہد کے بہترین پاس پر عبدالرحمٰن نے گول کر کے پاکستان کو برتری دلائی۔
تیسرے کوارٹر میں بھی پاکستان نے شاندار کھیل کا مظاہرہ جاری رکھا، اور 11ویں منٹ میں ندیم احمد نے گول کر کے پاکستان کی برتری کو دوگنا کر دیا۔ کوارٹر کے اختتام سے قبل پاکستان کو پنالٹی اسٹروک کا موقع ملا، لیکن کپتان عماد بٹ یہ موقع ضائع کر بیٹھے۔
چوتھے کوارٹر کے آغاز میں ہی حنان شاہد نے پنالٹی کارنر پر گول کر کے پاکستان کو تین صفر کی برتری دلا دی۔ تھوڑی دیر بعد چین کے چینگ ہنگ نے پنالٹی کارنر پر گول کر کے مقابلہ تین ایک کر دیا۔
میچ کے اختتام سے چار منٹ قبل پاکستان نے مزید دو گول کیے۔ ندیم احمد نے میچ میں اپنا دوسرا گول اسکور کیا، جبکہ میچ کے اختتام سے 15 سیکنڈ قبل حنان شاہد نے بھی اپنا دوسرا اور ٹیم کا پانچواں گول کر کے فتح کو یقینی بنایا۔
اس طرح پاکستان نے میزبان چین کو 1 کے مقابلے میں 5 گول سے شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنا لی۔ یہ ٹورنامنٹ میں پاکستان کی دوسری کامیابی ہے۔
اب پاکستان ہاکی ٹیم ہفتے کو روایتی حریف بھارت کے خلاف میدان میں اترے گی، جو ٹورنامنٹ میں اب تک ناقابل شکست ہے۔