ڈپٹی کمشنر صفدر حسین ورک کی ہدایات پر اسسٹنٹ کمشنر گجرات بلال زبیر نے جمال پور سیداں اور مدینہ سیداں کا دورہ کیا تاکہ طوفانی بارشوں کی وجہ سے جمع ہونے والے پانی کی نکاسی کے حوالے سے جاری آپریشن کا جائزہ لیا جا سکے۔
دورے کے دوران، اسسٹنٹ کمشنر نے نکاسی آب کے اقدامات کا تفصیلی معائنہ کیا اور موقع پر موجود ٹیموں کو مزید ہدایات دیں۔ اسسٹنٹ کمشنر بلال زبیر نے کہا کہ شدید بارشوں کے باعث جمال پور سیداں، مدینہ سیداں سمیت دیگر دیہات پانی سے متاثر ہوئے ہیں، جس کے نتیجے میں وہاں کے رہائشی مشکلات کا شکار ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ نکاسی آب کے حوالے سے تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لایا جا رہا ہے تاکہ پانی کی جلد از جلد نکاسی ممکن بنائی جا سکے۔
انہوں نے بتایا کہ ہیوی مشینری اور ہیومن ریسورس کا استعمال کرتے ہوئے پانی کے نکاس کا عمل تیزی سے جاری ہے، اور ضلعی انتظامیہ ہر ممکن کوشش کر رہی ہے کہ دیہات کو پانی سے پاک کیا جا سکے۔
اسسٹنٹ کمشنر نے یقین دہانی کرائی کہ جلد ہی تمام متاثرہ علاقوں میں نکاسی آب کا کام مکمل کر لیا جائے گا، تاکہ عوام کو مزید مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ضلعی انتظامیہ عوام کی مشکلات کے حل کے لئے ہمہ وقت تیار ہے اور کسی بھی ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کے لئے فوری اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔