گجرات میں چند منٹ کی بارش کے بعد شہر میں سیلابی صورتحال،انتظامیہ کی دوڑیں
اسسٹنٹ کمشنر بلال زبیر کا بارشی پانی سے متاثرہ دیہات کا رات گئے دورہ۔ اسسٹنٹ کمشنر بلال زبیر نے طوفانی بارشوں کے باعث پیدا ہونے والی سیلابی صورتحال کے جائزہ کے لیے مدینہ سیداں، ملہو کھوکھر، جمال پورسیداں، میونوال اور لوراں کے علاقوں کا رات گئے دورہ کیا۔
انہوں نے نکاسی آب کے حوالے سے اقدامات کا معائنہ کیا اور ہیوی مشینری لگوا کر توڑے گئے بند اپنی نگرانی میں ازسرنو تعمیر کروائے۔
اسسٹنٹ کمشنر بلال زبیر نے مقامی افراد سے ملاقات کی، ان کے مسائل سنے اور ان کے حل کے لیے فوری اقدامات کی یقین دہانی کرائی۔
اسسٹنٹ کمشنر نے کہا کہ مدینہ سیداں، ملہوکھوکھر، لوراں، میونوال اور دیگر متاثرہ علاقوں کو پانی سے محفوظ رکھنے کے لیے موثراقدامات کیے جا رہے ہیں۔
پانی کے غیر قانونی بہاؤ کے باعث جن افراد نے مشکلات پیدا کیں ان کے خلاف سخت قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔