ہفتہ, 26 اپریل , 2025

رشیدہ شفیع فاؤنڈیشن کیجانب سے جامعہ گجرات میں نصب شدہ واٹر فلٹریشن پلانٹ کا افتتاح

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

تعمیری سوچ و فکر کے ذریعے انسانیت کی خدمت افضل جذبہ ہے: وائس چانسلر گجرات یونیورسٹی

وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد مشاہد انور نے جامعہ گجرات میں رشیدہ شفیع فاؤنڈیشن کی جانب سے حال ہی میں نصب شدہ واٹر فلٹریشن پلانٹ کا افتتاح کر دیا۔اس موقع پر چیئرمینRSFامتیاز کوثر اور چیف ایگزیکٹو نیشنل فرنشرز امجد فاروق بھی موجود تھے۔

latest urdu news

افتتاح کے بعد جناح آڈیٹوریم قائد اعظم لائبریری میں شعبہ اُمور طلبہ اور اسٹیٹ کیئر کی جانب سے ”صاف پانی کے معیار و اہمیت“ کے موضوع پر خصوصی سیشن کا انعقاد ہوا۔

اس سیشن میں ڈپٹی ڈائریکٹر تجزیاتی لیبارٹری انوائرمینٹل پروٹیکشن ایجنسی گوجرانوالہ مہناز افضل نے صاف پانی کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ پروفیسر ڈاکٹر محمد مشاہد انور نے کہا کہ پانی زندگی کی بنیادی ضرورت ہے۔ عوام الناس کو صاف پانی کی فراہمی کارخیر ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ تعمیری سوچ و فکر کے ذریعے انسانیت کی خدمت افضل جذبہ ہے۔ صحت کے بنیادی اصولوں کے عین مطابق صاف پانی کی فراہمی کئی جسمانی بیماریوں کا تدارک ہے۔ رشیدہ شفیع فاؤنڈیشن نے یونیورسٹی کے طلبہ کو صاف پانی فراہم کرتے ہوئے کار نمایاں سرانجام دیا ہے۔

مہناز افضل نے کہا کہ پانی کرہ ارض پر لازمہ حیات ہے۔ انسانی زندگی پانی کے بغیر ممکن نہیں۔ پانی کی عدم فراہمی انسانی زندگی کے لیے خطرہ ہے۔ غیر معیاری پانی پینے سے انسانی جسم میں بے پناہ بیماریاں پیدا ہوتی ہیں۔

فلٹریشن پلانٹوں سے حاصل شدہ پانی کے معیار کو برقرار رکھنے کے لیے ان کی دیکھ بھال لازم امر ہے۔ امتیاز کوثر نے کہا کہ انسانیت کی بے لوث خدمت کار عظیم ہے۔ اپنی کمائی اور رزق میں سے اللہ کی راہ میں خرچ کرنا عین عبادت ہے۔ رشیدہ شفیع فاؤنڈیشن کا بنیادی مقصد انسانی فلاح و بہبود ہے۔

صاف پانی کی عدم دستیابی پاکستان میں ہیپاٹائٹس اور جگر کے امراض کا باعث بن رہی ہے۔ ہماری فاؤنڈیشن گجرات شہر اور اس کے نواح میں 150 فلٹریشن پلانٹ لگانے کا تہیہ کئے ہوئے ہے اور اب تک 128 پلانٹ نصب کیے جا چکے ہیں۔

امجد فاروق نے کہا کہ صاف پانی کی فراہمی صدقہ جاریہ ہے۔ عوام الناس کو صاف پانی کی فراہمی افضل ترین صدقہ ہے۔ دنیا بھر میں اس وقت 1.2 بلین لوگوں صاف پانی کی نعمت سے محروم ہیں۔ صاف پانی انسانی صحت کا سرچشمہ ہے۔ یاد رہے کہ جامعہ گجرات میں RSFکی جانب سے نصب کیا جانے والا واٹر فلٹریشن پلانٹ نیشنل فرنشرز گجرات کی جانب سے عطیہ کیا گیا ہے۔

افتتاحی تقریب و خصوصی سیشن کے شرکاء میں مختلف شعبہ جات کے طلبہ و اساتذہ، یونیورسٹی انتظامیہ کے سینئر اراکین، ڈین پروفیسر ڈاکٹر فیصل محمود مرزا، ڈائریکٹر SSCڈاکٹر محمد زبیر، ڈائریکٹر ڈاکٹر سجاد سمرا و دیگر کے علاوہ سول سوسائٹی کے اراکین ملک ظفر، شیخ ابرار سعید، چوہدری جمشید اقبال، علی شان جمشید، اخلاق شفیع، چوہدری توصیف عبداللہ، عاصم مشتاق بٹ، سیٹھ قمر خورشید، یاسر محمود و دیگر شامل تھے۔

News Alert Urdu

شیئر کریں:
frontpage hit counter