ٹک ٹاکر ثناء یوسف قتل کیس : ملزم عمر حیات کے والد کا بیان سامنے آگیا

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

اسلام آباد، ٹک ٹاکر ثناء یوسف کے قتل کیس میں گرفتار مرکزی ملزم عمر حیات عرف "کاکا” کے والد امجد نے ایک انٹرویو میں بیٹے کے جرم میں ملوث ہونے سے انکار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کا دل اس بات پر راضی نہیں کہ قتل ان کے بیٹے نے کیا ہے، انہیں بیٹے کے ثناء یوسف سے تعلق یا دوستی کا کوئی علم نہیں تھا اور جو کچھ پتا چلا، وہ بھی سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیوز کے ذریعے ہی جانا۔

یاد رہے کہ 2 جون کو اسلام آباد کے سیکٹر جی-13 میں ثناء یوسف کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا تھا، جس کے بعد عمر حیات کو 3 جون کو گرفتار کیا گیا، پولیس کے مطابق ملزم نے دورانِ تفتیش قتل کا اعتراف بھی کیا ہے اور اس وقت وہ شناختی پریڈ کے لیے 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل میں موجود ہے۔

latest urdu news

وائرل ویڈیو میں امجد کا کہنا تھا کہ اُن کے دو بیٹے اور دو بیٹیاں ہیں، دونوں بیٹیاں شادی شدہ ہیں اور بڑا بیٹا وفات پا چکا ہے، انھوں نے وضاحت کی کہ انہیں بیٹے کے کسی بھی غیر معمولی تعلقات یا کسی قسم کی دشمنی کا علم نہیں تھا۔

انہوں نے سوشل میڈیا پر چلنے والی ویڈیو کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ ویڈیو بہت مختصر ہے اور اس میں واضح طور پر نہیں دیکھا جا سکتا کہ فائرنگ کس نے کی۔

امجد نے ایک اور انٹرویو میں مؤقف اختیار کیا کہ اگر واقعی ان کا بیٹا قتل میں ملوث پایا گیا تو قانون کے مطابق سزا ضرور ملنی چاہیے، تاہم وہ انصاف صرف اپنے بیٹے کے لیے نہیں بلکہ مقتولہ ثناء یوسف کے لیے بھی چاہتے ہیں، انہوں نے کہا کہ اگر قتل میرے بیٹے نے کیا یا کسی اور نے، میں اس کی مذمت کرتا ہوں۔

یاد رہے کہ ثناء یوسف کا قتل سوشل میڈیا پر مسلسل زیر بحث ہے اور عوامی حلقوں میں واقعے کی شفاف تحقیقات اور قاتل کو قانون کے مطابق سزا دینے کا مطالبہ شدت اختیار کر چکا ہے۔

 

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter