لاہور کے علاقے ڈیفنس اے میں ایک خاتون کو کار سوار افراد نے اغوا کر لیا، جبکہ اس واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آ گئی ہے۔
فوٹیج میں دو ملزمان کو خاتون کو زبردستی پکڑ کر گاڑی میں ڈالے جانے کا منظر واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے۔ اغوا کار ملزمان خاتون کو لے کر موقع سے فرار ہو گئے۔
ایس ایچ او ڈیفنس اے خرم شہزاد کے مطابق، خاتون کے بھائی امین کے بیان پر اغوا کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ ایف آئی آر میں ایوب اور ایک نامعلوم ملزم کو نامزد کیا گیا ہے۔
مدعی کے مطابق، خاتون کو سابق بہنوئی فیاض نے اپنے ساتھیوں کے ساتھ مل کر اغوا کیا ہے۔ متاثرہ خاتون کو چھ ماہ قبل طلاق ہو چکی ہے۔
ایس پی کینٹ ڈویژن قاضی علی رضا نے بتایا کہ اغوا کاروں کی گرفتاری کے لیے چھاپوں کا سلسلہ جاری ہے اور جلد ہی مغویہ کو بازیاب کروا لیا جائے گا۔
ایس ایچ او خرم شہزاد کی سربراہی میں ایک ٹیم تشکیل دی گئی ہے جو فوٹیج اور دیگر شواہد کی روشنی میں مغویہ کی بازیابی کے لیے کام کر رہی ہے۔ توقع ہے کہ جلد ملزمان قانون کی گرفت میں ہوں گے۔
یاد رہے کہ متاثرہ خاتون کو چھ ماہ قبل اپنے شوہر سے علیحدگی اختیار کرنی پڑی تھی، جس کے بعد دونوں خاندانوں کے درمیان کشیدگی تھی۔ اہل خانہ کا کہنا ہے کہ سابق شوہر کی جانب سے متعدد بار سنگین دھمکیاں دی گئیں، تاہم اب تک کوئی قانونی کارروائی نہیں ہوئی تھی۔
یاد رہے گزشتہ ماہ شیخوپورہ کے شرقپور میں پولیس نے اغوا ہونے والی ماں ثناء اور اس کی دو بیٹیوں کو لاہور سے بازیاب کرا لیا، ملزم طارق گرفتار ہو گیا۔ مقتول مقصود احمد کو تتارا کامل میں ماموں نے قتل کیا۔