میران شاہ میں بیوی نے دوسری شادی کرنے والے شوہر پر فائرنگ کر دی، شوہر موقع پر جاں بحق، خاتون واردات کے بعد فرار، پولیس نے مقدمہ درج کر لیا۔
شمالی وزیرستان: میران شاہ کے علاقے ہمزونی میں گھریلو تنازعے نے خونی رخ اختیار کر لیا، جہاں بیوی نے مبینہ طور پر اپنے شوہر کو دوسری شادی کرنے پر فائرنگ کر کے قتل کر دیا۔ پولیس کے مطابق مقتول نے چند دن قبل ہی دوسری شادی کی تھی، جس پر دونوں میاں بیوی کے درمیان کشیدگی پائی جا رہی تھی۔
واقعے کے روز خاتون نے طیش میں آ کر شوہر پر فائرنگ کی، جو موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واردات کے فوراً بعد خاتون جائے وقوعہ سے فرار ہو گئی، جبکہ مقتول کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے اور فرار ہونے والی خاتون کی تلاش جاری ہے۔
یاد رہے کہ پاکستان کے قبائلی علاقوں میں دوسری شادی جیسے معاملات بعض اوقات ذاتی انتقام اور خاندانی تنازعات میں شدت پیدا کر دیتے ہیں، جس کے باعث ایسے واقعات سامنے آتے رہتے ہیں۔
یاد رہے کہ اس سے قبل کنجاہ میں بھی محبت کی شادی کے بعد ایک نوجوان کو اس کے ساس نے فائرنگ کر کے قتل کر دیا تھا، جس کی تفصیلات یہاں ملاحظہ کریں۔