لاہور کے علاقے راوی روڈ میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے جعلی نوٹوں کا آن لائن کاروبار کرنے والے دو ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
پولیس حکام کے مطابق، خفیہ اطلاع پر کی گئی کارروائی کے دوران گرفتار ملزمان سے ایک لاکھ روپے مالیت کی جعلی کرنسی برآمد کی گئی ہے۔ ملزمان کی شناخت طلحہ اور فرحان کے ناموں سے ہوئی ہے۔
ابتدائی تفتیش کے مطابق، دونوں ملزمان جعلی نوٹ کم قیمت پر فروخت کرتے تھے اور انہیں آن لائن مختلف ذرائع سے خریداروں تک پہنچایا جاتا تھا۔ اس کے علاوہ یہ ملزمان مارکیٹوں میں سادہ لوح دکانداروں کو بھی نشانہ بناتے اور مختلف مقامات تبدیل کر کے جعلی کرنسی استعمال کرتے تھے تاکہ شناخت اور گرفتاری سے بچ سکیں۔
پولیس کے مطابق، برآمد شدہ جعلی کرنسی میں 5000 روپے مالیت کے 12 نوٹ اور 1000 روپے کے 40 نوٹ شامل ہیں۔
ایس پی سٹی بلال احمد نے بتایا کہ ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور مزید تحقیقات جاری ہیں تاکہ اس نیٹ ورک کے دیگر افراد کو بھی گرفتار کیا جا سکے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ جلد ہی اس گروہ کے تمام کارندوں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔