سیالکوٹ: ماں ہی نکلی معصوم بچوں کی قاتل، سنگ دل واردات کا ڈراپ سین

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

سیالکوٹ میں 3 اور 6 سال کے دو بچوں کا قاتل کوئی اور نہیں بلکہ ان کی سگی ماں نکلی، پولیس نے ماں اور اس کے ساتھی کو گرفتار کر لیا۔

سیالکوٹ میں دو معصوم بچوں کے بہیمانہ قتل کی گتھی پولیس نے صرف چند گھنٹوں میں سلجھا لی، 3 سالہ وارث اور 6 سالہ ام کلثوم کے سفاکانہ قتل کا ڈراپ سین اس وقت ہوا جب تفتیش کے دوران ان کی سگی ماں ہی قاتل نکلی۔

latest urdu news

پولیس کے مطابق، سنگ دل ماں نے بچوں کو اینٹوں کے وار کر کے اس وقت موت کے گھاٹ اتارا جب وہ اسے اپنے مرد ساتھی کے ساتھ قابلِ اعتراض حالت میں دیکھ بیٹھے تھے۔

ڈسٹرکٹ پولیس افسر (ڈی پی او) فیصل شہزاد کے مطابق، ماں نے راز فاش ہونے کے خدشے کے پیشِ نظر بچوں کو بے دردی سے قتل کیا، اور لاشیں سیالکوٹ کے ایک قبرستان میں پھینک دیں۔ یہ افسوسناک واقعہ 28 جولائی کو پیش آیا، جب دونوں بچوں کی لاشیں قبرستان سے برآمد ہوئیں، جس کے بعد علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔

پولیس نے فوری طور پر تحقیقات کا آغاز کرتے ہوئے چند گھنٹوں میں ہی ماں نادرا اور اس کے ساتھی فاروق کو گرفتار کر لیا۔ ابتدائی تفتیش کے دوران دونوں ملزمان نے جرم کا اعتراف کر لیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ جرم کی نوعیت انتہائی سنگین اور دل دہلا دینے والی ہے، اور ملزمان کو قانون کے مطابق سخت ترین اور عبرتناک سزا دلوائی جائے گی۔

ڈی پی او فیصل شہزاد نے اس وحشیانہ فعل کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ایسے درندہ صفت افراد کے لیے معاشرے میں کوئی جگہ نہیں ہونی چاہیے، اور انصاف کے تمام تقاضے پورے کرتے ہوئے متاثرہ بچوں کو انصاف دلایا جائے گا۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز دو معصوم بچوں کی لاشیں قبرستان سے ملنے کے بعد پورے علاقے میں کہرام مچ گیا تھا۔ ابتدائی طور پر یہ واقعہ پراسرار محسوس ہوتا رہا، تاہم پولیس نے برق رفتاری سے تفتیش مکمل کر کے ایک انتہائی افسوسناک حقیقت کو بے نقاب کیا۔ عوامی حلقوں کی جانب سے بھی اس واقعے پر شدید غم و غصے کا اظہار کیا جا رہا ہے۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter