راولپنڈی: نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (NCCIA) نے راولپنڈی میں نفسیاتی چالوں کے ذریعے شہریوں کو بلیک میل کرنے والے بہن بھائیوں پر مشتمل گروہ کو گرفتار کر لیا۔
ترجمان کے مطابق گرفتار ملزمان میں تسمیہ فاروق، سائمہ نرین اور محمد عامر شامل ہیں، جو آپس میں بہن بھائی ہیں اور منظم طریقے سے شہریوں، خصوصاً خواتین اور لڑکیوں کو اپنا شکار بنا رہے تھے۔
ابتدائی تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ بہنیں سوشل میڈیا اور دیگر آن لائن ذرائع سے لڑکیوں سے دوستی کرتی تھیں، پھر اعتماد حاصل کرنے کے بعد ان کا تعارف اپنے بھائی محمد عامر سے کروایا جاتا۔ جیسے ہی قربت بڑھتی، تو خفیہ طور پر غیر اخلاقی نوعیت کی ویڈیوز اور تصاویر تیار کی جاتیں۔
اس کے بعد ان ویڈیوز اور تصاویر کو لیک کرنے کی دھمکیاں دے کر متاثرین سے مالی مطالبات کیے جاتے، جس سے کئی شہری ذہنی اذیت اور بلیک میلنگ کا شکار ہوئے۔
متاثرہ خاتون کی جانب سے دی گئی درخواست پر نیشنل سائبر کرائم ایجنسی نے فوری ایکشن لیتے ہوئے کارروائی کا آغاز کیا۔ ایڈیشنل ڈائریکٹر محمود الحسن ستی کی ہدایت پر سرکل انچارج ندیم احمد خان نے انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کی منظوری دی، جس کے بعد تینوں ملزمان کو جدید ڈیجیٹل ذرائع کی مدد سے گرفتار کر لیا گیا۔
گرفتاری کے بعد ملزمان کے زیرِ استعمال الیکٹرانک ڈیوائسز کی فارنزک جانچ کی گئی، جس میں بلیک میلنگ کے لیے استعمال کی جانے والی متعدد نازیبا ویڈیوز، تصاویر اور چیٹس برآمد ہوئیں۔
نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی کے مطابق مزید متاثرین کی شناخت اور گروہ کے دیگر ممکنہ روابط کی چھان بین بھی جاری ہے۔ شہریوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ آن لائن روابط میں محتاط رہیں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی کی فوری اطلاع متعلقہ اداروں کو دیں۔