معمولی جھگڑے پر بیوی، بہن اور بھائی قتل

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

پشاور کے تھانہ داودزئی کی حدود میں گھریلو تنازع پر فائرنگ سے تین افراد جاں بحق، ملزم فرار، پولیس نے مقدمہ درج کرکے گرفتاری کے لیے ٹیمیں تشکیل دے دیں۔

latest urdu news

پشاور ،تھانہ داودزئی کی حدود میں ایک دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا جہاں محض کچن کے تنازع پر گھریلو تکرار نے خونی شکل اختیار کرلی، پولیس کے مطابق ایک گھر میں جھگڑے کے دوران ملزم نے اپنی بیوی، بہن اور بھائی پر اندھا دھند فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں تینوں افراد موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔

پولیس حکام کے مطابق ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ تنازع گھر کے کچن کے استعمال اور گھریلو امور پر شروع ہوا تھا جو بڑھتے بڑھتے انتہائی پرتشدد انجام تک پہنچ گیا، فائرنگ کے بعد ملزم موقع سے فرار ہو گیا۔ اطلاع ملتے ہی پولیس جائے وقوعہ پر پہنچی، شواہد اکٹھے کیے اور لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے قریبی اسپتال منتقل کر دیا۔

واقعے کا مقدمہ درج کر کے ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارنے کا آغاز کر دیا گیا ہےاور پولیس پرامید ہے کہ جلد ملزم کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

پولیس نے بتایا کہ واقعے نے علاقے میں شدید خوف و ہراس پیدا کر دیا ہے اور مقامی لوگوں نے اس دلخراش واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ خاندان سے ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔

یاد رہے کہ پشاور اور گردونواح میں حالیہ مہینوں میں گھریلو تنازعات کے باعث پیش آنے والے پرتشدد واقعات میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے، جس پر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے مؤثر اقدامات کی ضرورت شدت سے محسوس کی جا رہی ہے۔

ایسے ہی ایک افسوسناک واقعے میں گجرات میں بھتیجے نے رقم کے تنازع پر بھابھی کو قتل کر دیا، جہاں ملزم کو پولیس نے گرفتار کر لیا ہے۔ اس قسم کے گھریلو جھگڑوں کا پُرتشدد انجام معاشرتی بگاڑ کی عکاسی کرتا ہے۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter