14
لاہور: لوہاری گیٹ کے علاقے میں ایک انوکھے اور افسوسناک واقعے نے سب کو حیران کر دیا جہاں قربانی کا گوشت فریج میں نہ رکھنے پر شہری نے دکاندار پر ڈنڈوں سے حملہ کر دیا۔
پولیس کے مطابق واقعہ اُس وقت پیش آیا جب ایک شہری نے مقامی دکاندار سے مطالبہ کیا کہ وہ اس کا قربانی کا گوشت اپنے آئس کریم فریج میں رکھے۔ دکاندار نے فریج مخصوص کاروباری استعمال کے لیے ہونے کی وجہ سے انکار کر دیا، جس پر شہری طیش میں آ گیا۔
شہری نے مبینہ طور پر اپنے بیٹوں کے ہمراہ دکاندار پر حملہ کیا اور اُسے بدترین تشدد کا نشانہ بنایا، جس کے باعث دکاندار کو جسمانی چوٹیں آئیں۔ اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچی اور زخمی دکاندار کو طبی امداد فراہم کرائی گئی۔
واقعے کے بعد پولیس نے مقدمہ درج کر لیا ہے اور واقعے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔ پولیس ترجمان کے مطابق مکمل چھان بین کے بعد ملوث افراد کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔