لاہور میں سیف سٹی کیمروں کی مدد سے ایک ملزم کو بچے سے نازیبا حرکات میں ملوث ہونے کے الزام میں گرفتار کر لیا گیا ہے۔ واقعہ کی اطلاع بچے کے والد نے ایمرجنسی ہیلپ لائن 15 پر کال کر کے دی تھی، جس پر فوری کارروائی کی گئی۔
سیف سٹی کے افسران نے ویڈیو کال کے ذریعے متاثرہ بچے سے رابطہ کر کے اسے مکمل تحفظ کی یقین دہانی کروائی۔ ورچوئل پیٹرولنگ آفیسرز نے سیف سٹی کیمروں کی مدد سے ملزم کی موٹر سائیکل اور تمام نقل و حرکت کے روٹس کا تعاقب کیا، جس سے ملزم کو ٹریس کرنا ممکن ہوا۔
تھانہ سول لائن پولیس نے سیف سٹی کی فراہم کردہ معلومات کی بنیاد پر ملزم کو حراست میں لے لیا۔ ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا کہ ملزم پہلے بھی ایسی حرکات میں ملوث رہا ہے۔
لاہور میں چوتھی جماعت کی طالبہ سے نازیبا حرکات، اسکول پرنسپل گرفتار
ترجمان سیف سٹی نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ کسی بھی قسم کی ہراسانی یا ناخوشگوار صورتحال میں فوری طور پر ہیلپ لائن 15 پر رابطہ کریں۔ علاوہ ازیں شہری پبلک سیفٹی ایپ کے ذریعے بھی کنیکٹ ٹو سیف سٹی فیچر کے تحت براہِ راست رابطہ کر سکتے ہیں تاکہ بروقت کارروائی ممکن ہو۔
اس واقعے سے شہریوں میں سیف سٹی کے کیمروں اور ٹیکنالوجی کے ذریعے حفاظت کی اہمیت اجاگر ہوئی ہے، جبکہ متاثرہ بچے کو بھی مکمل تحفظ فراہم کیا گیا۔
