4
لاہور کے علاقے مصری شاہ میں جائیداد کے تنازع نے خونریز شکل اختیار کرلی، جس کے نتیجے میں دو افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ پولیس کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ عثمان گنج میں پیش آیا جہاں عبدالرحمان اور فیاض گروپ کے درمیان قبضے کے معاملے پر جھگڑا شروع ہوا۔
جھگڑے کے دوران فیاض گروپ کی جانب سے کیے گئے پتھراؤ سے عبدالرحمان موقع پر ہی دم توڑ گیا۔ پولیس کے مطابق صورتحال بگڑنے پر عبدالرحمان کے سکیورٹی گارڈز نے فائرنگ کی جس سے فیاض سمیت دو افراد زخمی ہوئے۔ زخمیوں کو فوری اسپتال منتقل کیا گیا جہاں فیاض زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگیا۔
مصری شاہ پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے فائرنگ میں ملوث دو افراد کو گرفتار کرلیا ہے، جبکہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔
