چوہنگ میں کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ اور ڈاکوؤں کے درمیان مبینہ مقابلے میں تین ڈاکو ہلاک، دو فرار ہوگئے، ابتدائی تحقیقات میں خاتون سے زیادتی کا بھی انکشاف ہوا ہے۔
لاہور کے علاقے چوہنگ میں کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ (سی سی ڈی) اور ڈاکوؤں کے درمیان پیش آنے والے مبینہ پولیس مقابلے میں تین مشتبہ ڈاکو ہلاک ہو گئے جبکہ ان کے دو ساتھی موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
ڈی ایس پی سی سی ڈی کے مطابق، پولیس اہلکاروں نے دو موٹر سائیکلوں پر سوار پانچ مشتبہ افراد کو روکنے کی کوشش کی جو چوہنگ سے ملتان روڈ کی طرف جا رہے تھے۔
پولیس کے مطابق جب انہیں رکنے کا اشارہ دیا گیا تو انہوں نے الٹا پولیس پر فائرنگ شروع کر دی، جس کے جواب میں سی سی ڈی اہلکاروں نے بھی فائرنگ کی۔
اس فائرنگ کے تبادلے میں تین ڈاکو موقع پر ہلاک ہو گئے، پولیس کا دعویٰ ہے کہ وہ اپنے ہی ساتھیوں کی گولیوں سے ہلاک ہوئے، ہلاک ہونے والوں کی شناخت تاحال نہیں ہو سکی ہے،جائے وقوعہ سے اسلحہ اور دیگر مشکوک سامان بھی برآمد ہوا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی تفتیش کے دوران انکشاف ہوا ہے کہ ہلاک ہونے والے ملزمان ایک واردات کے دوران خاتون سے زیادتی میں بھی ملوث رہے ہیں۔ فرار ہونے والے دو ڈاکوؤں کی تلاش کے لیے پولیس نے مختلف مقامات پر چھاپے مارنے شروع کر دیے ہیں جبکہ واقعے کی مکمل تحقیقات جاری ہیں۔
یاد رہے کہ لاہور میں حالیہ مہینوں کے دوران پولیس اور جرائم پیشہ عناصر کے درمیان مقابلوں میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، تاہم ان مقابلوں کی شفافیت اور حقیقت اکثر عوامی اور عدالتی سوالات کی زد میں رہی ہے، اس واقعے کی مکمل تحقیقات کے بعد ہی اصل حقائق سامنے آ سکیں گے۔
واقعے کی سنگینی اس وقت مزید بڑھ گئی جب ابتدائی تفتیش میں معلوم ہوا کہ ہلاک ہونے والے ملزمان ایک واردات کے دوران شادی شدہ خاتون کے ساتھ مبینہ زیادتی میں بھی ملوث تھے۔ اس حوالے سے مزید تفصیلات اور پس منظر جاننے کے لیے یہ رپورٹ ملاحظہ کریں۔