کراچی کے علاقے منگھوپیر روڈ پر ایک بڑی ڈکیتی کی واردات رونما ہوئی ہے جس میں مسلح ڈاکوؤں نے ایک رہائشی سوسائٹی کی کیش وین کو نشانہ بناتے ہوئے 2 کروڑ 32 لاکھ روپے سے زائد کی رقم لوٹ لی۔
واردات اس وقت ہوئی جب کیش وین نجی بینک کے باہر رکی تھی اور سوسائٹی کا رائیڈر رقم کا ایک تھیلا لے کر بینک کے اندر گیا تھا۔
جیسے ہی کیش وین واپس جانے لگی، پانچ مسلح افراد نے وین کو گھیر لیا اور اسلحے کے زور پر پیسوں سے بھرا تھیلا چھین کر فرار ہو گئے۔
ملزمان نہ صرف رقم لے گئے بلکہ سیکیورٹی گارڈ سے اسلحہ اور گولیاں بھی چھین کر ساتھ لے گئے۔ یہ واردات تھانہ منگھوپیر سے صرف دو کلومیٹر کے فاصلے پر پیش آئی، جو کہ سیکیورٹی کے نظام پر سوالیہ نشان ہے۔
پولیس کے مطابق واقعے کا مقدمہ سوسائٹی کے سیکیورٹی سپروائزر کی مدعیت میں درج کر لیا گیا ہے، اور ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزمان دو موٹرسائیکلوں پر سوار ہو کر آئے تھے۔ متاثرہ سوسائٹی کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی اداروں کو بارہا ایسے ممکنہ خطرات سے آگاہ کیا گیا تھا مگر مناسب اقدامات نہیں کیے گئے۔
شہر قائد میں حالیہ دنوں میں بڑھتی ہوئی ڈکیتیوں نے عوام میں خوف کی فضا پیدا کر دی ہے۔ اس سے قبل پی ای سی ایچ ایس میں 13 کروڑ روپے کی ڈکیتی کا واقعہ بھی رپورٹ ہوا تھا۔ شہریوں نے حکومت اور پولیس سے مطالبہ کیا ہے کہ کیش وینز کی سیکیورٹی بڑھائی جائے اور ایسی وارداتوں کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔