جمعرات, 12 جون , 2025

یونان کشتی حادثے کا مرکزی ملزم عمران ٹونی مصر سے گرفتار

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

گوجرانوالہ، یونان کشتی حادثے میں ملوث اور ایف آئی اے کی ریڈ بک میں شامل انتہائی مطلوب انسانی اسمگلر عمران عرف ٹونی کو مصر سے گرفتار کر لیا گیا ہے۔ ترجمان ایف آئی اے کے مطابق یہ گرفتاری ایف آئی اے گوجرانوالہ زون کی درخواست پر انٹرپول کی معاونت سے عمل میں لائی گئی۔

ملزم عمران ٹونی سال 2023 میں یونان کے ساحل کے قریب پیش آنے والے کشتی حادثے کا مرکزی کردار تھا، جس میں درجنوں پاکستانی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے تھے۔ وہ ایک بین الاقوامی اسمگلنگ نیٹ ورک کا فعال رکن ہے اور سال 2012 سے لیبیا سے آپریٹ کر رہا تھا۔ ایف آئی اے کے مطابق وہ سیف ہاؤسز کے نیٹ ورک کے ذریعے غیر قانونی طور پر شہریوں کو یورپ بھجوانے کی سہولت فراہم کرتا رہا ہے۔

latest urdu news

ملزم نے لیبیا کے راستے انسانی اسمگلنگ کے متعدد کیسز میں پاکستانی شہریوں سے لاکھوں روپے وصول کیے، اور انہیں غیر قانونی طور پر یورپ پہنچانے کا جھانسہ دیا۔ اس کے خلاف غیر قانونی انسانی اسمگلنگ کے کئی مقدمات درج ہیں اور وہ طویل عرصے سے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مطلوب تھا۔

انٹرپول نے ایف آئی اے کی درخواست پر ملزم کے خلاف ریڈ نوٹس جاری کیا تھا، جس کے بعد اسے مصر میں گرفتار کیا گیا۔ ضروری قانونی کارروائی کے بعد عمران ٹونی کو پاکستان منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں اسے ایف آئی اے گوجرانوالہ زون کے حوالے کر دیا گیا ہے۔

ترجمان ایف آئی اے کے مطابق عمران ٹونی سے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے، جبکہ اس کے نیٹ ورک میں شامل دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ انسانی اسمگلنگ میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائی بلا تفریق جاری رہے گی۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter