ایف آئی اے امیگریشن نے اسلام آباد اور کوئٹہ ایئرپورٹس پر کارروائیاں کرتے ہوئے جعلی دستاویزات کے ذریعے بیرونِ ملک جانے کی کوششیں ناکام بنا دیں اور خاتون سمیت چار ملزمان کو حراست میں لے لیا۔ اسلام آباد ایئرپورٹ پر راولپنڈی امیگریشن سٹاف نے تین مسافروں کو آف لوڈ کیا جن میں سلمان خان، بادشاہ خان اور آرمغان بلخی شامل ہیں جبکہ کوئٹہ ایئرپورٹ پر کلیم کمال کو گرفتار کیا گیا۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق سلمان خان فلائٹ PF718 کے ذریعے عمرہ ویزے پر سعودی عرب جا رہا تھا مگر اس کے پاسپورٹ پر سربیا کا جعلی ویزا لگا ہوا نکلا۔ بادشاہ خان PK187 کے ذریعے بحرین جانے کی کوشش کر رہا تھا جس کے موبائل سے اٹلی کا جعلی ریزیڈنٹ کارڈ برآمد ہوا؛ ایف آئی اے کے مطابق اس کا ماضی میں غیر قانونی سفر اور ڈیپورٹیشن کا اندراج بھی ہے۔
خاتون ملزمہ آرمغان بلخی پرواز PK749 کے ذریعے فرانس جانے کی کوشش میں تھی، تفتیش میں اس کا پیش کردہ سوئس ریزیڈنٹ کارڈ جعلی ثابت ہوا۔ تینوں اسلام آباد میں گرفتار شدگان کو مزید قانونی کارروائی کے لیے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل اسلام آباد کے حوالہ کر دیا گیا ہے۔
ایف آئی اے کی نئی ریڈ بک: 6 خواتین سمیت 143 انتہائی مطلوب انسانی اسمگلرز کے نام شامل
کوئٹہ ایئرپورٹ پر گرفتار کلیم کمال نے ٹمپرڈ پاسپورٹ پیش کیا جس میں ویزا صفحات میں ردوبدل کیا گیا تھا اور اس کے قبضے سے پولینڈ کا جعلی ویزا اسٹیکر بھی برآمد ہوا۔ ملزم کو بھی اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل کوئٹہ کے حوالے کر دیا گیا ہے تاکہ مزید قانونی کارروائی کی جائے۔
ایف آئی اے نے ان کارروائیوں کو جعلی دستاویزات اور انسانی اسمگلنگ کے خلاف جاری سخت مؤقف کی ایک مثال قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ امیگریشن چیکنگ کے عمل کو مزید موثر بنانے کے اقدامات جاری ہیں۔