کراچی میں خواتین کا منشیات فروش نیٹ ورک سرگرم، ٹک ٹاکر بابرہ عرف "بیبو بلوچ” گرفتار

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

شہرِ قائد میں خواتین پر مشتمل منشیات فروشوں کے ایک منظم نیٹ ورک کی سرگرمیاں بے نقاب ہو گئی ہیں۔ پولیس نے ڈیفنس اور دیگر پوش علاقوں میں منشیات سپلائی کرنے والی سوشل میڈیا ایکٹیوسٹ اور ٹک ٹاکر بابرہ عرف "بیبو بلوچ” کو گرفتار کر لیا ہے۔ گرفتار خاتون سے آئس (کرسٹل میتھ) برآمد کی گئی ہے۔

latest urdu news

پولیس کے مطابق ابتدائی تفتیش میں ملزمہ نے انکشاف کیا ہے کہ وہ سوشل میڈیا، خصوصاً ٹک ٹاک اور انسٹاگرام کا استعمال کرتے ہوئے منشیات کے خریداروں سے رابطے کرتی تھی۔ ملزمہ نے بیان دیا ہے کہ وہ پوش علاقوں میں ہونے والی پارٹیوں کے دوران منشیات فراہم کرتی رہی ہے۔

تفتیشی ذرائع کا کہنا ہے کہ بابرہ عرف بیبو بلوچ پہلے بھی چوری کے دو مقدمات میں گرفتار ہو چکی ہے، اور اس کے خلاف ماضی میں بھی کرمنل ریکارڈ موجود ہے۔ پولیس کے مطابق وہ ایک مخصوص سوشل گروپ کو نشانہ بناتی تھی، جن میں نوجوان اور سوشل ایونٹس میں شریک افراد شامل ہیں۔

ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ گرفتار ملزمہ کے دیگر ساتھیوں کی بھی شناخت کر لی گئی ہے، اور ان کی گرفتاری کے لیے شہر کے مختلف علاقوں میں چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ تحقیقات سے یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ یہ نیٹ ورک منشیات کی فروخت کے لیے پرائیویٹ پارٹیوں اور سوشل گیٹ ٹوگیدرز کو ہدف بناتا تھا۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ خواتین کی جانب سے اس نوعیت کی منظم منشیات فروشی کی مثالیں ماضی میں کم ہی دیکھنے کو ملی ہیں۔ ملزمہ کے قبضے سے برآمد ہونے والی آئس کا نمونہ فرانزک تجزیے کے لیے بھیج دیا گیا ہے، جبکہ اس کے موبائل فون اور سوشل میڈیا اکاؤنٹس کی تفصیلات سے مزید انکشافات کی توقع کی جا رہی ہے۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter