دیرینہ دشمنی پر خونی کھیل، فائرنگ سے باپ بیٹوں سمیت 3 افراد جاں بحق

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

سرگودھا کی تحصیل بھلوال کے نواحی علاقے پھلروان میں دیرینہ دشمنی کے نتیجے میں ایک افسوسناک خونی واقعہ پیش آیا، جہاں مخالفین کی اندھا دھند فائرنگ سے باپ اور بیٹوں سمیت تین افراد جاں بحق جبکہ دو شدید زخمی ہو گئے۔

پولیس کے مطابق واقعہ اس وقت پیش آیا جب متاثرہ خاندان کے افراد ایک ڈیرے پر سو رہے تھے کہ اچانک مخالف گروہ نے وہاں دھاوا بول دیا اور اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی۔
فائرنگ کے نتیجے میں 52 سالہ محمد ریاض، اس کا 25 سالہ بیٹا نبیل اور 35 سالہ رشتہ دار عثمان موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے، جبکہ دو دیگر افراد شدید زخمی ہو گئے جنہیں فوری طور پر ریسکیو 1122 کی مدد سے قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا، جہاں انہیں طبی امداد دی جا رہی ہے۔

latest urdu news

واقعے کے بعد علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا، جبکہ فائرنگ کے ذمہ دار حملہ آور جائے وقوعہ سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری جائے واردات پر پہنچ گئی، جہاں شواہد اکٹھے کرنے کے بعد ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپہ مار کارروائیاں شروع کر دی گئی ہیں۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ابتدائی تفتیش میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ دونوں گروپوں کے درمیان زمین کی ملکیت اور خاندانی تنازعات کے باعث دشمنی چلی آ رہی تھی، جس نے آج خونی شکل اختیار کر لی۔ پولیس نے واقعے کو پرانی دشمنی کا نتیجہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ مکمل حقائق اور محرکات تفتیش مکمل ہونے پر واضح کیے جائیں گے۔

ادھر اہلِ علاقہ نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ واقعے میں ملوث عناصر کو جلد از جلد گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے تاکہ متاثرہ خاندان کو انصاف مل سکے اور آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام ممکن ہو۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter