کراچی: ڈاکو دودھ کے ڈرم میں چھپائے 60 لاکھ روپے لے اڑے

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

کراچی میں ایک انوکھے اور حیران کن ڈکیتی کیس میں ڈاکو دودھ کے ڈرم میں چھپائی گئی 60 لاکھ روپے کی نقدی لے اڑے۔

یہ واردات نیشنل ہائی وے پر اُس وقت پیش آئی جب ایک دودھ کا بیوپاری کراچی سے دھابیجی جا رہا تھا۔

latest urdu news

پولیس کے مطابق متاثرہ بیوپاری نے اپنے بیان میں بتایا کہ وہ بڑی رقم لیکر جا رہا تھا اور سیکیورٹی خدشات کے باعث اس نے یہ رقم دودھ کے بڑے ڈرم میں چھپا رکھی تھی۔ تاہم، دو موٹر سائیکلوں پر سوار ڈاکو راستے میں اسے روک کر ڈرم سے رقم نکال کر فرار ہو گئے۔

حکام کا کہنا ہے کہ یہ واردات کراچی اور ٹھٹھہ کی حدود میں کہیں ہوئی ہے اور مقام کی تصدیق کی جا رہی ہے۔ پولیس کو شبہ ہے کہ یہ کارروائی کسی قریبی شخص کی مخبری پر کی گئی، کیونکہ ڈاکو نہ صرف مقام سے واقف تھے بلکہ رقم کے چھپائے جانے کے طریقے سے بھی۔

بیوپاری عموماً بڑی رقم کے ساتھ ٹھٹھہ میں رقم کی ادائیگی کے لیے جاتا ہے، جس کی وجہ سے وہ جرائم پیشہ عناصر کے لیے ایک آسان ہدف بن سکتا ہے۔ ماضی میں بھی ایسے واقعات سامنے آ چکے ہیں۔

یاد رہے کہ کچھ روز قبل کراچی کے علاقے گلستان جوہر بلاک 1 میں بھی ایک بڑی ڈکیتی کی واردات ہوئی تھی، جہاں بلڈر کمپنی کے رائیڈر سے 46 لاکھ روپے لوٹ لیے گئے تھے۔ اس کیس میں سیلز منیجر نے رائیڈر اور ڈرائیور پر شبہ ظاہر کیا تھا، جس کے بعد دونوں کو پولیس نے حراست میں لے لیا تھا۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter