گوجرانوالہ، قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر حسن علی کی والدہ کو گوجرانوالہ میں ایک افسوسناک واقعے کے دوران نامعلوم ڈاکوؤں نے لوٹ لیا۔ واردات اُس وقت پیش آئی جب وہ بازار جا رہی تھیں۔
تفصیلات کے مطابق حسن علی کے بھائی، خرم علی نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ اُن کی والدہ کو موٹرسائیکل سوار دو ڈاکوؤں نے نشانہ بنایا اور اُن کا پرس چھین کر فرار ہو گئے۔ متاثرہ خاتون کے پرس میں 2 لاکھ 30 ہزار روپے کی نقدی موجود تھی۔
خرم علی کے مطابق واقعہ دن کے وقت ایک مصروف علاقے میں پیش آیا، جس نے اہلِ خانہ اور شہریوں میں عدم تحفظ کا احساس بڑھا دیا ہے۔
دوسری جانب پولیس حکام کا کہنا ہے کہ اطلاع ملتے ہی فوری کارروائی کرتے ہوئے علاقے کی ناکہ بندی کر دی گئی ہے۔ تفتیش جاری ہے اور پولیس کا دعویٰ ہے کہ جلد ہی ملزمان کو گرفتار کر لیا جائے گا۔
شہری حلقوں کی جانب سے اس واقعے پر شدید ردِ عمل سامنے آ رہا ہے، اور مقامی انتظامیہ سے مطالبہ کیا جا رہا ہے کہ عوام کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔