کالجوں کے باہر منشیات فروشی، اے این ایف کی بڑے پیمانے پر گرفتاریاں

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

اے این ایف کی کارروائیاں، تعلیمی اداروں کے قریب اور بس اسٹینڈز سے 65 کلوگرام سے زائد منشیات برآمد، طلبہ کو نشہ فروخت کرنے کا انکشاف۔

کراچی، اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے منشیات فروشوں کے خلاف ملک گیر کریک ڈاؤن کرتے ہوئے مختلف شہروں میں تعلیمی اداروں کے اطراف اور دیگر حساس مقامات پر کارروائیاں کیں۔ ترجمان اے این ایف کے مطابق، مجموعی طور پر 9 کارروائیوں میں 65.278 کلوگرام منشیات برآمد کی گئی، جن کی مالیت 98 لاکھ 29 ہزار روپے سے زائد بتائی گئی ہے۔

latest urdu news

پشاور میں یونیورسٹی روڈ پر کالج کے قریب گاڑی سے 3 کلو ہیروئن برآمد ہوئی، جبکہ اسی علاقے میں ایک اور ملزم کے قبضے سے 1.5 کلو چرس برآمد کی گئی۔ دونوں گرفتار ملزمان نے انکشاف کیا ہے کہ وہ منشیات تعلیمی اداروں کے طلبہ کو فروخت کرتے تھے۔

فیصل آباد ایئرپورٹ پر قطر جانے والے ایک مسافر کے سامان سے 1.378 کلو آئس برآمد ہوئی، جبکہ وارسک روڈ پر واقع ایک کوریئر آفس سے گجرات اور کراچی بھیجے جانے والے پارسلز سے 1.8 کلو چرس برآمد کی گئی۔

کراچی کے سہراب گوٹھ بس اسٹینڈ کے قریب 2 خواتین کے قبضے سے 12 کلو چرس برآمد کی گئی، جبکہ جامشورو ٹول پلازہ پر ایک مسافر خاتون سے بھی 12 کلو چرس ملی۔ تینوں خواتین کو گرفتار کر لیا گیا۔

لاہور میں شالیمار باغ کے قریب موٹر سائیکل سوار ملزم کے قبضے سے 13.20 کلو چرس اور 6 کلو افیون، جبکہ کراچی کی ہجرت کالونی کے قریب موٹر سائیکل سوار ایک اور ملزم سے 12 کلو چرس برآمد ہوئی۔

اسلام آباد موٹروے ٹول پلازہ پر بھی مسافر بس میں کارروائی کرتے ہوئے ایک شخص سے 2.4 کلو چرس پکڑی گئی۔ تمام گرفتار افراد کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر لیے گئے ہیں اور تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ اے این ایف حالیہ دنوں میں ملک بھر میں تعلیمی اداروں کے اطراف منشیات کی بڑھتی ہوئی رسائی کو روکنے کے لیے متحرک ہے، اور طلبہ کو نشے جیسے مہلک رجحانات سے بچانے کے لیے مسلسل کوششیں جاری ہیں۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter