کراچی کے علاقے کورنگی ساڑھے5نمبر پر رینجرز اور پولیس نے خفیہ اطلاع پر مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے ایم کیو ایم لندن سے وابستہ انتہائی مطلوب ملزم محمد نورالدین عرف عرشی عرف بابا کو گرفتار کر لیا، ترجمان سندھ رینجرز کے مطابق گرفتار ملزم خطرناک جرائم میں ملوث رہا ہے، جن میں ٹارگٹ کلنگ، لینڈ گریبنگ، بھتہ خوری، اور مسلح ڈکیتی شامل ہیں۔
کارروائی کے دوران ملزم کے قبضے سے اسلحہ اور گولیاں برآمد کی گئیں۔ ملزم نورالدین نے ابتدائی تفتیش میں لانڈھی اور کورنگی کے مختلف علاقوں میں متعدد وارداتوں کا اعتراف کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق، ملزم 2019 تک مختلف قتل کے مقدمات اور 2021 میں غیر قانونی اسلحے کے کیسز میں نامزد رہا، اور کئی مرتبہ گرفتار ہو کر جیل بھی جا چکا ہے۔
ترجمان رینجرز کا کہنا ہے کہ ملزم کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں، جب کہ نورالدین عرف بابا کو مزید قانونی کارروائی کے لیے پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ ایم کیو ایم لندن سے تعلق رکھنے والے عناصر پر ماضی میں بھی کراچی میں بدامنی، قتل و غارت، بھتہ خوری اور زمینوں پر قبضے جیسے سنگین الزامات عائد کیے جاتے رہے ہیں۔ نورالدین عرف بابا کا شمار انہی خطرناک ملزمان میں ہوتا ہے جن کی گرفتاری کراچی میں قیام امن کی کوششوں میں اہم پیش رفت سمجھی جا رہی ہے۔