ڈی آئی خان اور ٹانک میں فائرنگ کے دو واقعات ، 6 افراد قتل

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

ڈی آئی خان ، ٹانک،خیبرپختونخوا کے اضلاع ڈیرہ اسماعیل خان اور ٹانک میں فائرنگ کے دو مختلف اور افسوسناک واقعات میں 6 افراد جاں بحق ہو گئے ، دونوں سانحات دیرینہ دشمنی اور علاقائی عداوت کا نتیجہ بتائے جا رہے ہیں، جنہوں نے مقامی امن کو لرزا کر رکھ دیا۔

پہلا واقعہ ڈیرہ اسماعیل خان کی تحصیل پہاڑپور کے علاقے رحمانی خیل میں پیش آیا، جہاں دو مخالف گروپوں کے درمیان دیرینہ دشمنی ایک بار پھر خونریزی میں بدل گئی، فائرنگ کا تبادلہ رات 3 بجے ہوا جس کے نتیجے میں ایک گروہ کے3 افراد، جن کی شناخت نعمت اللہ، محمد سلیم اور زاہد کے ناموں سے ہوئی، موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔ واقعہ تھانہ پنیالہ کی حدود میں پیش آیا۔

latest urdu news

پولیس نے فوری طور پر موقع پر پہنچ کر علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور سکیورٹی کے سخت اقدامات کئے گئے تاکہ مزید خونریزی سے بچا جا سکے۔ نعشوں کو پوسٹ مارٹم کیلئے مقامی ہسپتال منتقل کیا گیا جبکہ فریقین کے خلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔

دوسرا واقعہ ضلع ٹانک کے گاؤں ملازئی میں پیش آیا، جہاں نامعلوم مسلح افراد نے گھر میں گھس کر اندھا دھند فائرنگ کی۔ اس واقعے میں دو بھائیوں سمیت تین افراد جاں بحق ہوئے۔ جاں بحق افراد میں سردار احمد اور اعزاز احمد پسران گل احمد، اور ان کے دوست عمران ولد گل بادشاہ شامل ہیں۔

پولیس کے مطابق قتل کی وجہ علاقائی قتل و مقاتلہ کی پرانی دشمنی بتائی جا رہی ہے۔ لاشوں کو ضابطے کی کارروائی کے بعد ڈسٹرکٹ ہسپتال ٹانک منتقل کر دیا گیا ہے۔ پولیس نے واقعے کی ایف آئی آر درج کرکے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔

یاد رہے کہ خیبرپختونخوا کے بعض علاقوں میں پرانی دشمنیاں اور خاندانی تنازعات بدستور خونریز واقعات کی وجہ بنتے جا رہے ہیں، جن پر قابو پانے کے لیے مقامی سطح پر مفاہمتی کوششوں اور مضبوط امن کمیٹیوں کی ضرورت پہلے سے کہیں زیادہ محسوس کی جا رہی ہے۔

 

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter