کراچی، نیو کراچی پولیس نے اسٹریٹ کرائم اور موٹرسائیکل چھیننے کی وارداتوں میں ملوث ایک باپ اور اس کی نابالغ بیٹی کو گرفتار کر لیا ہے۔
پولیس کے مطابق گرفتار ہونے والے شخص کی شناخت بلال ولد سراغ کے نام سے ہوئی ہے، جبکہ اس کی 16 سالہ بیٹی شمائلہ بھی اس جرم میں اس کے ساتھ شریک تھی۔ دونوں کے قبضے سے اسلحہ، چھینی گئی موٹرسائیکل اور منشیات برآمد کی گئی ہیں۔
ایس ایچ او نیو کراچی فیض الحسن نے روزنامہ ایکسپریس سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ دونوں ملزمان کو سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے شناخت کر کے حراست میں لیا گیا۔
ملزمان نے 14 اپریل کو نیو کراچی سیکٹر الیون ایل میں ایک شہری نعمان کی موٹرسائیکل اسلحے کے زور پر چھینی تھی۔
اس واقعے کا مقدمہ نمبر 214/2025 نیو کراچی تھانے میں درج کیا گیا۔ فوٹیج میں بلال کا چہرہ واضح طور پر شناخت کیا جا سکتا ہے۔
ایس ایچ او کے مطابق بلال وارداتوں میں اپنی بیٹی کو بطور ساتھی اس لیے ساتھ رکھتا تھا تاکہ وہ شک کے دائرے سے باہر رہے اور گرفتاری سے بچ سکے، تفتیش میں یہ انکشاف بھی ہوا کہ بلال کا سالہ فہیم بھی اس گروہ کا حصہ ہے، جو اس وقت فرار ہے اور اس کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
ابتدائی تفتیش میں بلال نے اپنی بیٹی کے ہمراہ کم از کم چار وارداتوں میں ملوث ہونے کا اعتراف کیا ہے، یہ اس کی پہلی گرفتاری ہے، جبکہ اس کا سالہ فہیم پہلے بھی متعدد جرائم میں ملوث رہ چکا ہے اور اس کے خلاف مختلف تھانوں میں مقدمات درج ہیں۔