چکوال، چوآسیدن شاہ کے علاقے جھیک میں فائرنگ کے نتیجے میں خاتون سمیت 3 افراد جان کی بازی ہار گئے۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ مقتولین میں خاتون ، بیٹا اور بھائی شامل ہیں جن کی شناخت نبیلہ، قیصر محمود اورانیس کے نام سے ہوئی ہے، ملزمان واردات کے بعد موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ خاندانی دشمنی کا شاخسانہ ہو سکتا ہے، آئی جی پنجاب کی جانب سے چکوال میں 3 افراد کے قتل کا نوٹس لیتے ہوئے آرپی او راولپنڈی سے رپورٹ طلب کرلی گئی ، ملزمان کو پکڑنے کیلئے تمام وسائل کو بروئے کار لانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ڈی پی او چکوال نے کہا کہ ملزمان کی گرفتاری کیلئے ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔
دوسری جانب اداکارہ نرگس کی جانب سے اپنے شوہر ماجد بشیر کے خلاف مقدمہ درج کروا دیا گیا، مقدمہ درج ہونے کے باوجود ملزم تاحال گرفتار نہ ہو سکا۔
ایف آئی آر میں اداکارہ نرگس کی جانب سے الزام عائد کیا گیا کہ انسپکٹر شوہر ماجد بشیر اس کی جائیداد کے کاغذات، کیش اور فارم ہاؤس اپنے نام کروانا چاہتا تھا۔
اداکارہ نرگس کا کہنا ہے کہ ایسا کرنے سے انکار پر اس نے تشدد کا نشانہ بنایا، سرکاری پسٹل سے چہرے پر لگاتار وار کیے اور گھریلو عملے اور بھانجے کے سامنے بدترین تشدد کیا اور کمرے میں بند کر دیا۔