جنوبی وزیرستان میں پولیس وین پر ریموٹ کنٹرول بم سے حملہ کر دیا گیا۔
حکام کا کہنا ہے کہ جنوبی وزیرستان کے علاقے وانا رستم بازار میں کریکوٹ روڈ پر پولیس وین پر ریموٹ کنٹرول بم سے دھماکا کیا گیا جس میں 11 افراد شدید زخمی ہوگئے۔
حکام کا کہنا تھا کہ واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا۔
ایم ایس اسپتال ڈاکٹر حماد محمود کا کہنا ہے کہ زخمیوں میں عام شہری اور پولیس اہلکار شامل ہیں۔
دوسری جانب سکیورٹی فورسز کی جانب سے خیبر پختونخوا کے ضلع مہمند میں ایف سی ہیڈ کوارٹر پر فتنہ الخوارج کے حملے کی کوشش ناکام بنا دی گئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق 6 ستمبر کی صبح 4 خوارج کے 1 گروپ کی جانب سے مہمند میں ایف سی ہیڈ کوارٹر پر حملے کی کوشش کی گئی۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ سکیورٹی فورسز کی جانب سے کیمپ میں داخلے کی کوشش ناکام بنا دی گئی اور چاروں خوارج خودکش بمباروں کو کسی قسم کا نقصان پہنچانے سے پہلے ہی ہلاک کر دیا گیا۔
ہلاک حملہ آوروں کے قبضے سے خودکش جیکٹس، ڈیٹونیٹر، اسلحہ اور بارودی مواد قبضے میں لے لیا گیا ہے۔