چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی امن کے لیے کوششیں قابلِ تحسین ہیں اور انہیں بین الاقوامی سطح پر تسلیم کیا جانا چاہیے، وہ نوبیل امن انعام کے حقدار ہیں۔
زرداری ہاؤس اسلام آباد میں بلاول بھٹو زرداری سے امریکی نیشنل سکیورٹی کونسل کے سینئر ڈائریکٹر نے ملاقات کی۔ اس موقع پر آصفہ بھٹو زرداری، سینیٹر شیری رحمان اور امریکی ناظم الامور نتالی بیکر بھی موجود تھیں۔
ملاقات میں دو طرفہ تعلقات کے فروغ، علاقائی سلامتی، اور تجارتی و سفارتی تعاون کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔ بلاول بھٹو زرداری نے پاک بھارت جنگ بندی میں صدر ٹرمپ کے کردار کو "ناقابلِ فراموش” قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کی کوششوں نے خطے میں کشیدگی کم کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔
امریکا سے تاریخی تجارتی ڈیل پر وزیراعظم شہباز شریف کا ڈونلڈ ٹرمپ کو شکریہ
چیئرمین پیپلز پارٹی نے پاکستان اور امریکا کے درمیان حالیہ تجارتی معاہدوں کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان عالمی برادری کے ساتھ معاشی روابط مزید مضبوط بنانے کا خواہاں ہے، اور یہ معاہدے خطے میں ترقی و خوشحالی کا نیا دور لے کر آ سکتے ہیں۔