گجرات: حالیہ دنوں ہونے والی شدید بارش اور سیلابی ریلوں کے باعث گجرات شہر میں اربن فلڈنگ کی سنگین صورتحال برقرار ہے، جس کے پیشِ نظر انتظامیہ نے آج بھی تمام تعلیمی ادارے اور دفاتر بند رکھنے کا اعلان کیا ہے۔
دو روز قبل گجرات میں 550 ملی میٹر سے زائد بارش ریکارڈ کی گئی، جب کہ مجموعی طور پر 577 ملی میٹر بارش کے بعد نہ صرف شہری علاقے زیرِ آب آ گئے بلکہ دیہی علاقوں میں بھی پانی جمع ہو گیا۔ بارش کے بعد آزاد کشمیر سے آنے والے دو برساتی نالوں کے ریلے بھی شہر میں داخل ہو گئے، جس سے صورت حال مزید بگڑ گئی۔
گجرات میں سیلابی صورتحال تشویشناک، عوام کو بچانے کی ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں: چوہدری شافع حسین
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اگرچہ بارش کا بیشتر پانی نکال دیا گیا ہے، تاہم سیلابی پانی کے مسلسل بہاؤ کے باعث شہر میں اربن فلڈنگ کی صورتحال تاحال برقرار ہے۔ حفاظتی بند نہ بنائے جانے کے سبب پانی کے بہاؤ کو روکنا ممکن نہیں ہو سکا۔
شہر کے متاثرہ علاقوں میں لوگوں کو محفوظ مقامات تک پہنچانے کے لیے کشتیاں اور ٹریکٹر ٹرالیاں استعمال کی جا رہی ہیں۔ متعدد علاقوں میں شہریوں کی نقل مکانی جاری ہے، اور ریسکیو ادارے مسلسل امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔
سیلابی صورتحال کے پیش نظر انتظامیہ نے احتیاطی تدابیر کے طور پر آج بھی تعلیمی ادارے اور سرکاری دفاتر بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے، جب کہ شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نہ نکلیں اور مقامی انتظامیہ سے تعاون کریں۔