پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر فیصل جاوید نے کہا ہے کہ معرکہ حق کے دوران عمران خان کے سوشل میڈیا ٹائیگرز نے دن رات جاگ کر بھارت کے جھوٹے پروپیگنڈے کو ناکام بنایا مگر ان کی خدمات کو سراہنے کے بجائے نظر انداز کر دیا گیا۔
سینیٹ اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے فیصل جاوید نے کہا کہ عمران خان نے جیل سے پیغام دیا تھا کہ قوم متحد ہو، جس پر سوشل میڈیا ٹیم نے بھرپور مہم چلائی لیکن ان ٹائیگرز کو ایوارڈ دینے کے بجائے محروم رکھا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس رویے سے ایوارڈز کی وقعت کم ہوگئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ یومِ آزادی کے سرکاری اشتہار میں پورے خاندان کی تصاویر شامل کی گئیں مگر قائداعظم کی تصویر موجود نہیں تھی، جو کہ نہایت شرمناک ہے۔ ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ حکومت وضاحت دے کہ بانی پاکستان کی تصویر کو اشتہار سے کیوں نکالا گیا۔
فیصل جاوید نے چیئرمین سینیٹ سے کہا کہ وہ اس معاملے پر حکومت سے جواب طلب کریں کیونکہ یہ اشتہار عوام کے ٹیکس کے پیسوں سے تیار کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ معرکہ حق میں شاندار کارکردگی پر پاک فوج، پاک بحریہ اور پاک فضائیہ کے افسران و جوانوں کو عسکری اعزازات سے نوازا گیا ہے، جبکہ وزیراعظم نے اپنا نام "نشان پاکستان” کے لیے دی گئی فہرست سے خود نکالنے کا اعلان کیا تھا۔