خیبرپختونخوا کے ضلع بنوں میں دہشت گردی کی ایک اور واردات پیش آئی ہے، جس میں ایلیٹ فورس کا کمانڈو کانسٹیبل شاہ ریاض فائرنگ کے نتیجے میں شہید ہوگیا۔
واقعہ تھانہ کینٹ کی حدود میں میرانشاہ روڈ پر پیش آیا، جہاں نامعلوم موٹرسائیکل سوار دہشت گردوں نے ڈیوٹی سے فارغ ہوکر گھر واپس جانے والے اہلکار پر گل زمان مسجد کے قریب فائرنگ کردی اور فرار ہوگئے، شاہ ریاض موقع پر ہی جامِ شہادت نوش کرگئے۔
واقعہ کے بعد پولیس کی بھاری نفری نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا، تاہم تاحال کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آسکی۔
یہ واقعہ ایسے وقت پیش آیا ہے جب ضلع بنوں پہلے ہی دہشت گردی کی لہر کی لپیٹ میں ہے۔ چند روز قبل تھانہ ہوید میں بھی پولیس اہلکار رافید کو شہید کیا گیا تھا، جب کہ کانسٹیبل جاوید کے بیٹے کو اغوا کر لیا گیا تھا۔
پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ متعدد دہشت گردوں کو مارا جا چکا ہے اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں، جن کے گھروں کو مسمار بھی کیا جا رہا ہے۔
ادھر گزشتہ شب ڈومیل پولیس اسٹیشن پر دستی بم حملہ کیا گیا، خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
علاوہ ازیں، ضلع باجوڑ کی تحصیل مامونڈ میں مارٹر گولہ گرنے سے ایک شخص جاں بحق اور اس کا بھائی زخمی ہوگیا۔ جاں بحق شخص کی شناخت یعقوب ولد محمدان جبکہ زخمی بھائی کی شناخت غنی کے نام سے ہوئی، جسے ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
دہشتگردی کے مسلسل واقعات نے علاقہ مکینوں میں خوف و ہراس پیدا کر دیا ہے جبکہ سیکیورٹی فورسز نے حملہ آوروں کے خلاف کارروائی مزید تیز کر دی ہے۔