وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کے دفاع کو مضبوط اور ناقابلِ تسخیر بنانے کے لیے پوری قوم اور تمام ریاستی اداروں کو مل کر کام کرنا ہوگا۔
انہوں نے یہ بات اسلام آباد میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو چیف آف ڈیفنس فورسز تعینات کیے جانے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہی۔ وزیر اعظم نے نئی ذمہ داری سنبھالنے پر فیلڈ مارشل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔
شہباز شریف نے کہا کہ چیف آف ڈیفنس فورسز کی تعیناتی جدید جنگی تقاضوں سے ہم آہنگ ہے اور اس فیصلے سے پاکستان کا دفاعی نظام مزید مضبوط ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں پاکستان کی بہادر افواج نے دشمن کو عبرتناک شکست دی اور ان کی قائدانہ صلاحیتوں نے ملک کا سر فخر سے بلند کیا۔
وزیراعظم نے فیلڈ مارشل کو بطور چیف آف ڈیفنس فورسز تعینات کرنے کی سمری ایوان صدر بھجوا دی
وزیر اعظم نے مزید کہا کہ معرکۂ حق میں فیلڈ مارشل کی کامیاب حکمتِ عملی نے پاکستان کا نام دنیا بھر میں روشن کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملکی سلامتی کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مضبوط عسکری قیادت ناگزیر ہے اور حکومت اس ضمن میں ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔
شہباز شریف نے پاک فضائیہ کے سربراہ کو بھی مدتِ ملازمت میں دو سال کی توسیع پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ایئرچیف کی پیشہ ورانہ قیادت میں پاک فضائیہ نے معرکۂ حق میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ فضائیہ کی صلاحیتوں اور بہادری نے دشمن کو واضح اور فیصلہ کن شکست سے دوچار کیا۔
وزیر اعظم نے اس موقع پر عزم ظاہر کیا کہ پاکستان کی سلامتی، ترقی اور استحکام کے لیے ریاست کے تمام ادارے باہمی تعاون سے آگے بڑھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مضبوط دفاعی نظام ہی ملکی خودمختاری کی ضمانت ہے اور حکومت اس مقصد کے حصول کے لیے ہر سطح پر اقدام جاری رکھے گی۔
