اسلام آباد: صدرِ پاکستان آصف علی زرداری نے بنوں اور جنوبی وزیرستان میں شہید ہونے والے پاک فوج کے دو بہادر افسران کے اہل خانہ سے ملاقات کی اور ان کے ساتھ گہرے رنج و غم کا اظہار کیا۔
صدرِ مملکت نے میجر عدنان اسلم شہید اور میجر سید معیز عباس شاہ شہید کے گھروں کا دورہ کیا۔ میجر عدنان اسلم دہشت گردوں کے حملے میں بنوں کے مقام پر زخمی ہونے کے بعد شہید ہوئے تھے، جبکہ میجر سید معیز عباس شاہ نے جنوبی وزیرستان میں فتنہ الخوارج کے خلاف ایک خفیہ آپریشن کے دوران جامِ شہادت نوش کیا۔
صدر آصف علی زرداری نے دونوں شہداء کی جرات، قیادت اور حب الوطنی کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ عظیم قربانیاں قوم کی اعلیٰ عسکری روایات اور مادرِ وطن سے بے مثال وفاداری کی علامت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم اپنے بہادر سپاہیوں کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔
1965 کی جنگ کے ہیرو میجر عزیز بھٹی کا آج 60 واں یوم شہادت منایا جا رہا ہے
صدرِ پاکستان نے اس موقع پر اس عزم کا اعادہ کیا کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک ریاست کی جدوجہد جاری رہے گی، اور ہر دشمن قوت کو ناکامی کا سامنا کرنا پڑے گا۔
آخر میں صدرِ مملکت نے شہداء کے درجات کی بلندی، ان کے اہل خانہ کے لیے صبر و حوصلے، اور پاکستان کے امن و استحکام کے لیے خصوصی دعا بھی کی۔