جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں چین کی پیپلز لبریشن آرمی (PLA) کے 98 ویں یومِ تاسیس کی مناسبت سے ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں دونوں ممالک کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق تقریب کے مہمانِ خصوصی پاکستان میں تعینات چینی سفیر تھے۔ چینی دفاعی اتاشی میجر جنرل وانگ زونگ سمیت سفارتخانے کے دیگر افسران بھی موجود تھے، جبکہ پاکستان کی تینوں مسلح افواج کے سینیئر افسران نے بھی تقریب میں شرکت کی۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے چینی مہمانوں کو خوش آمدید کہا اور پیپلز لبریشن آرمی کو 98ویں یومِ تاسیس پر مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے چین کی دفاعی، سلامتی اور قومی تعمیر و ترقی کے میدان میں پیپلز لبریشن آرمی کے کردار کو سراہا۔
شکست سے دوچار بھارت اب پراکسی وار میں شدت لا رہا ہے، فیلڈ مارشل عاصم منیر
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ پاک چین اسٹریٹجک تعلقات باہمی اعتماد، دوستی اور مشترکہ عزم کی شاندار مثال ہیں۔ ان تعلقات نے ہر دور میں آزمائشوں کا ڈٹ کر مقابلہ کیا ہے اور وقت گزرنے کے ساتھ یہ رشتہ مزید مضبوط ہوا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اور چین نے علاقائی و عالمی چیلنجز کا ہمیشہ یکجہتی سے سامنا کیا ہے اور دونوں اقوام کے درمیان دوستی میں کبھی کوئی کمی نہیں آئی۔