مسلم لیگ (ن) کے صدر اور سابق وزیراعظم نواز شریف نے وفاقی و پنجاب حکومتوں میں شامل متعدد وزرا، مشیروں اور معاونین کی کارکردگی پر عدم اطمینان کا اظہار کیا ہے اور اس حوالے سے تبدیلیوں کا عندیہ دیا ہے۔
اے آر وائی نےذرائع کے مطابق خبردی کہ مری میں ہونے والی حالیہ مشاورتی ملاقاتوں میں نواز شریف نے وزیراعظم شہباز شریف اور وزیراعلیٰ مریم نواز کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے بعض وزرا کی ناقص کارکردگی پر کھل کر اظہارِ خیال کیا۔
نواز شریف نے واضح ہدایت دی کہ جو وزرا یا مشیر اپنی ذمہ داریاں مؤثر طریقے سے ادا نہیں کر رہے، ان کی جگہ فعال اور اہل افراد کو لایا جائے۔ اس ہدایت کے بعد وزیراعظم اور وزیراعلیٰ نے اپنی اپنی کابینہ کے ارکان کی کارکردگی کا ازسرنو جائزہ لینے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
ن لیگ نے پاکستان کو ایٹمی طاقت بنایا اور میزائل ٹیکنالوجی دی، نواز شریف
جس کے نتیجے میں چند وزرا کے محکمے تبدیل کیے جا سکتے ہیں یا انہیں فارغ کیا جا سکتا ہے۔ پارٹی ذرائع کے مطابق کچھ نئے چہروں کو کابینہ میں شامل کرنے پر بھی غور جاری ہے۔
دوسری جانب ممکنہ کارروائی کی زد میں آنے والے وزرا اور مشیروں نے اپنی پوزیشن بچانے کے لیے سفارشات تلاش کرنا شروع کر دی ہیں۔
تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ نواز شریف اس بار سخت اور نتیجہ خیز فیصلے کرنے کے حق میں ہیں تاکہ حکومت کی مجموعی کارکردگی بہتر بنائی جا سکے۔
Ask ChatGPT