خیبر پختونخوا حکومت نے حلال گوشت کے نام پر غیر قانونی اور مضر صحت گوشت فروخت کرنے والوں کے خلاف بڑا قدم اٹھاتے ہوئے ایک جدید فوڈ ٹیسٹنگ لیبارٹری قائم کر دی ہے، جہاں چند سیکنڈز میں گوشت کی اصل شناخت کی جا سکے گی۔
خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی کے مطابق نئی لیبارٹری میں نہ صرف گوشت بلکہ دودھ، پانی، مصالحہ جات اور مشروبات سمیت دیگر اشیائے خوردونوش کے نمونوں کی سائنسی بنیادوں پر جانچ کی جا رہی ہے۔
لیب میں ایف ٹی آئی آر، ایچ پی ایل سی اور یو ایچ پی ایل سی جیسے عالمی معیار کے آلات نصب کیے گئے ہیں، جو خوراک میں ملاوٹ اور جانور کی شناخت جیسے حساس معاملات پر فوری اور درست نتائج فراہم کرتے ہیں۔
گدھے کے گوشت کی پہچان کا آسان طریقہ، اسلام آباد میں جعلی گوشت فروخت کرنیوالے گروہ بے نقاب
حکام کے مطابق اس اقدام کا مقصد عوام کو صاف، معیاری اور حلال خوراک کی فراہمی یقینی بنانا ہے، جبکہ لیب کی مدد سے مضر صحت یا غیر حلال گوشت کی فروخت کی بروقت نشاندہی ممکن ہو سکے گی۔
یاد رہے کہ حالیہ دنوں میں لاہور اور اسلام آباد سمیت مختلف شہروں سے گدھے کے گوشت کی فروخت کے واقعات سامنے آئے تھے، جس کے بعد عوامی تشویش میں اضافہ ہوا تھا۔ خیبر پختونخوا کی نئی لیبارٹری کو اسی پس منظر میں ایک بڑی پیشرفت قرار دیا جا رہا ہے۔