رحیم یار خان میں پولیس چوکی پر ڈاکوؤں کا بڑا حملہ، 5 ایلیٹ اہلکار شہید، 2 زخمی

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

 پنجاب کے ضلع رحیم یار خان میں جرائم پیشہ عناصر کی جانب سے شیخانی پولیس چوکی پر ہونے والے بہیمانہ حملے میں ایلیٹ فورس کے 5 جوان شہید جبکہ 2 اہلکار شدید زخمی ہوگئے۔ پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں ایک ڈاکو بھی مارا گیا۔

latest urdu news

واقعہ ماہی چوک کے قریب پیش آیا، جہاں اطلاعات کے مطابق دو درجن سے زائد ڈاکو جدید اسلحے سے لیس ہوکر پولیس چوکی پر حملہ آور ہوئے۔ حملے کے دوران راکٹ بھی فائر کیا گیا، جو حملے کی شدت اور پیشگی منصوبہ بندی کا ثبوت ہے۔

پولیس ترجمان کے مطابق شہید ہونے والے اہلکاروں میں محمد عرفان، محمد سلیم، محمد خلیل، کانسٹیبل نخیل اور غضنفر عباس شامل ہیں۔ زخمی اہلکاروں کو قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں ان کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ حملہ آوروں کی تلاش اور ان کے خلاف جوابی کارروائی جاری ہے، جس میں بکتر بند گاڑیوں اور بھاری ہتھیاروں کا استعمال کیا جا رہا ہے۔

کچے کے ڈاکوؤں کا پنجاب پولیس کو کھلا چیلنج، سوشل میڈیا پر ویڈیو پیغام جاری

آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے واقعے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے آر پی او بہاولپور سے تفصیلی رپورٹ طلب کر لی ہے۔ انہوں نے ڈی پی او رحیم یار خان کو فوری کارروائی اور ملوث ڈاکوؤں کی گرفتاری کا حکم بھی دیا ہے۔

ڈاکٹر عثمان انور نے شہید اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ "یہ بزدلانہ حملہ پنجاب پولیس کے حوصلے پست نہیں کر سکتا، پولیس فورس ڈاکوؤں اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف آپریشن پوری قوت سے جاری رکھے گی۔”

پولیس ترجمان کے مطابق شہید اہلکاروں میں عرفان، سلیم اور نخیل کا تعلق بہاولنگر سے، جبکہ خلیل اور غضنفر کا تعلق رحیم یار خان سے تھا۔ واقعے کے بعد علاقے میں سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter