نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان بھارت کے ساتھ مسئلہ کشمیر سمیت تمام تصفیہ طلب امور پر جامع مذاکرات کے لیے تیار ہے۔
انہوں نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ پاک بھارت جنگ بندی پر عمل جاری ہے اور جنگ بندی کے سلسلے میں بھارت نے امریکا سے درخواست کی تھی، جس پر واشنگٹن سے انہیں فون آیا تھا۔ اس موقع پر انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان جنگ کا خواہاں نہیں تھا۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان نے کسی سے یہ نہیں کہا کہ بھارت کے ساتھ مذاکرات کے لیے بٹھایا جائے، بلکہ ایک نیوٹرل مقام پر ملاقات کی بات ہوئی تھی جس پر پاکستان نے آمادگی ظاہر کی۔ انہوں نے واضح کیا کہ بھارت کے ساتھ مذاکرات صرف ایک نقطہ پر نہیں بلکہ تمام اہم مسائل بشمول کشمیر پر ہوں گے۔
چین میں شہباز شریف اور نریندر مودی کی کوئی ملاقات طے نہیں، دفتر خارجہ
نائب وزیراعظم نے بھارت کی بلاوجہ بیان بازی کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ امریکا کے وزیر خارجہ کا پاکستان کا دورہ ابھی شیڈول نہیں ہے۔ اس کے علاوہ انہوں نے بتایا کہ وہ بنگلہ دیش کے دو روزہ دورے پر جا رہے ہیں جس کا مقصد دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانا ہے۔