وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ بھارت کے خلاف حالیہ معرکے میں تاریخی فتح سے پاکستان کی دنیا میں عزت بڑھی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پوری قوم نے متحد ہو کر دشمن کے خلاف بیانیے کی جنگ لڑی، اور اس جنگ میں پاکستان نے فیصلہ کن کامیابی حاصل کی۔
سی پی این ای کی جانب سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عطا تارڑ نے کہا کہ بھارت نے پلوامہ جیسے واقعات کی طرح ایک بار پھر بغیر ثبوت پاکستان پر الزامات لگانے کی کوشش کی، لیکن اس بار پاکستان نے مؤثر حکمت عملی، مضبوط بیانیے اور شواہد کے ساتھ دنیا کو سچ دکھایا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی میڈیا نے بھی بھارت کے خلاف بیانیہ مضبوط کرنے میں کلیدی کردار ادا کیا۔ میڈیا نے ریاستی موقف کو عالمی سطح پر مؤثر انداز میں اجاگر کیا جس سے پاکستان کا مؤقف دنیا بھر میں سنا گیا۔
اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ بھارت نے جنگ بندی کے لیے امریکا سے رابطہ کیا تھا
عطا تارڑ نے پاکستانی فضائیہ کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے شاہینوں نے تاریخ ساز کارنامہ انجام دیا، جس نے دشمن کے غرور کو خاک میں ملا دیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ فتح صرف میدان جنگ میں نہیں بلکہ سفارتی، میڈیا اور رائے عامہ کی سطح پر بھی حاصل ہوئی ہے۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ پوری قوم بھارت کے خلاف سیسہ پلائی دیوار بن کر کھڑی رہی، اور اس اتحاد نے دشمن کو پیغام دیا کہ پاکستان اپنے وقار، سلامتی اور خودمختاری پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کرے گا۔