شدید بارشوں اور سیلابی صورتحال کے باعث منڈی بہاؤالدین کی ڈسٹرکٹ جیل میں پانی بھر گیا، جس کے بعد جیل انتظامیہ نے فوری طور پر 674 قیدیوں کو ڈسٹرکٹ جیل حافظ آباد منتقل کر دیا۔
جیل ذرائع کے مطابق حالیہ بارشوں نے منڈی بہاؤالدین میں بھی شدید سیلابی کیفیت پیدا کر دی ہے، جس کے نتیجے میں جیل کی ایک دیوار گر گئی اور بارش کا پانی جیل کی بیرکوں میں داخل ہو گیا۔
ذرائع نے بتایا کہ متاثرہ قیدیوں میں خطرناک نوعیت کے قیدی بھی شامل ہیں، جنہیں سخت حفاظتی اقدامات کے تحت دوسری جیل منتقل کیا گیا۔
سیلابی پانی جیل کے اندرونی حصوں میں داخل ہونے سے نہ صرف قیدیوں کی جانوں کو خطرہ لاحق ہوا بلکہ جیل کا نظامِ زندگی بھی شدید متاثر ہوا، جس پر ضلعی انتظامیہ اور جیل حکام نے فوری ایکشن لیتے ہوئے قیدیوں کی منتقلی کا فیصلہ کیا۔
حکام کے مطابق، قیدیوں کی منتقلی کے دوران سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔ ضلعی انتظامیہ صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے، اور جیل کے متاثرہ حصوں کی بحالی کا عمل بھی شروع کر دیا گیا ہے۔