پولینڈ میں ایف-16 جنگی طیارہ گر کر تباہ، پائلٹ ہلاک، ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

راڈوم،  پولینڈ کی فضائیہ کا ایک امریکی ساختہ F-16 جنگی طیارہ جمعرات کے روز وسطی پولینڈ کے شہر راڈوم میں ہونے والے ایئر شو کی ریہرسل کے دوران گر کر تباہ ہو گیا۔

latest urdu news

افسوسناک حادثے میں طیارے کا پائلٹ موقع پر ہی ہلاک ہو گیا، جب کہ واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق طیارہ ایروبیٹک مشق کے دوران فضاء میں بیرل رول کرتے ہوئے اچانک توازن کھو بیٹھا اور زمین کی طرف تیزی سے گرنے لگا۔ ویڈیو میں واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے کہ طیارہ گرنے سے پہلے کچھ پیچیدہ فضائی حرکات کرتا ہے اور پھر زور دار دھماکے سے زمین پر جا گرتا ہے۔

چند ہی لمحوں میں طیارہ آگ کے گولے میں تبدیل ہو جاتا ہے اور رن وے پر چند میٹر تک گھسٹتا ہے۔

چینی J-20 لڑاکا طیارہ جدید امریکی و جاپانی ریڈار سسٹمز سے بچ نکلا

پولینڈ حکومت کے ترجمان نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ یہ حادثہ ائیر شو کی ریہرسل کے دوران پیش آیا اور اسے فضائیہ کا ایک "بڑا نقصان” قرار دیا۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ حادثے پر پوری قوم غم زدہ ہے، خاص طور پر ایئر فورس کے حلقے میں گہرے رنج و غم کی لہر دوڑ گئی ہے۔

پولینڈ کی مسلح افواج کی جنرل کمان کے مطابق تباہ ہونے والا طیارہ 31ویں ٹیکٹیکل ایئر بیس، پوزنان سے تعلق رکھتا تھا۔ خوش قسمتی سے طیارے کے گرنے سے کسی بھی شہری یا راہگیر کو نقصان نہیں پہنچا، کیونکہ حادثہ رن وے اور ایئر شو کی مخصوص حدود میں پیش آیا۔

حادثے کے فوراً بعد ایمرجنسی عملہ جائے وقوعہ پر پہنچا، جب کہ واقعے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ حکام کے مطابق حادثے کی وجہ تاحال معلوم نہیں ہو سکی، اور پولینڈ حکومت نے مزید تفصیلات فی الحال جاری نہیں کیں۔

اس افسوسناک واقعے کے بعد ایئر شو کو منسوخ کر دیا گیا ہے، جو رواں ہفتے کے آخر میں راڈوم میں منعقد ہونا تھا۔ منتظمین نے عوامی تحفظ کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ فیصلہ کیا، جب کہ متاثرہ پائلٹ کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔

یاد رہے کہ چند روز قبل جنوبی کوریا کے ساحل کے قریب بھی ایک امریکی ایف-16 طیارہ گر کر تباہ ہوا تھا، تاہم اس واقعے میں پائلٹ محفوظ رہا تھا۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter