کینیڈا میں تعلیم حاصل کرنے کے خواہشمند پاکستانی گریجویٹس کے لیے شاندار خبر
وزارت آئی ٹی اینڈ ٹیلی کام نے جدید ٹیکنالوجی اور انجینئرنگ کے منتخب شعبوں میں ماسٹرز اور پی ایچ ڈی کرنے کے خواہش مند طلبہ کے لیے ایک نیا عالمی تعلیمی پروگرام متعارف کرایا ہے۔
یہ پروگرام کینیڈا کی معروف میک ماسٹر یونیورسٹی میں پیش کیا جا رہا ہے، جہاں طلبہ کو میک ماسٹر آٹوموٹیو ریسورس سینٹر (MARC) میں ڈاکٹر ریان احمد کی نگرانی میں تحقیق کا موقع دیا جائے گا۔ یہ ادارہ اسمارٹ موبیلٹی اور انوویٹو ٹیکنالوجیز کے میدان میں دنیا بھر میں ممتاز مقام رکھتا ہے۔
اعلان کے مطابق، یہ موقع خاص طور پر ان طلبہ کے لیے ہے جن کے پاس میکانیکل انجینئرنگ، الیکٹریکل انجینئرنگ یا کمپیوٹر سائنس میں بیچلر کی ڈگری ہو، اور وہ درج ذیل جدید شعبوں میں تحقیق کے خواہاں ہوں:
میکاٹرانکس
مصنوعی ذہانت (AI)
الیکٹرک و خودکار گاڑیاں
انرجی اسٹوریج و ہائبرڈ پاور ٹرین سسٹمز
وزارت آئی ٹی کا کہنا ہے کہ یہ تعاون پاکستان کے باصلاحیت نوجوانوں کو بین الاقوامی سطح پر جدید ترین تحقیق اور مہارت سے روشناس کرانے کے وسیع تر وژن کا حصہ ہے۔ یہ پروگرام پاکستان کی ٹیکنالوجی میں ترقی اور انوویشن کے لیے ایک سنگ میل ثابت ہو گا۔
دلچسپی رکھنے والے امیدوار وزارت آئی ٹی کی ویب سائٹ پر فراہم کردہ لنک کے ذریعے درخواست جمع کروا سکتے ہیں۔ اہل امیدواروں کا انتخاب ایک جامع تشخیصی عمل کے بعد کیا جائے گا۔
موٹر بائیک الیکٹرک میں تبدیل کریں ، حکومت سے ایک لاکھ روپے کیش پائیں ، مریم اورنگزیب
حکومت پاکستان کا یہ اقدام نہ صرف ملکی ٹیلنٹ کو عالمی سطح پر اجاگر کرے گا بلکہ مستقبل میں سائنسی ترقی اور صنعتی جدت کے نئے راستے بھی کھولے گا۔