اسلام آباد: ملک میں حالیہ شدید بارشوں اور سیلابی صورتحال کے پیش نظر 911 ایمرجنسی ہیلپ لائن کو پاکستان بھر میں فوری طور پر فعال کر دیا گیا ہے۔
اس اقدام کا مقصد متاثرہ شہریوں کو فوری، محفوظ اور مؤثر مدد فراہم کرنا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف کی خصوصی ہدایت پر وزارتِ انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن نے یہ اقدام اٹھایا، تاکہ قدرتی آفات کی صورت میں عوام کو فوری رسپانس مہیا کیا جا سکے۔
ترجمان وزارت آئی ٹی کے مطابق، 911 سروس اس وقت بھی کام کرے گی جب کسی علاقے میں موبائل نیٹ ورک کے اپنے ٹاورز متاثر ہوں۔ ایسی صورت میں سروس خودکار طور پر کسی بھی قریبی موبائل کمپنی کے فعال ٹاور سے منسلک ہو جائے گی، تاکہ صارفین کو کسی تعطل کے بغیر ایمرجنسی رسپانس دستیاب رہے۔
بالائی پنجاب میں طوفانی بارشوں اور کلاؤڈ برسٹنگ کا خدشہ، پی ڈی ایم اے
عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ صرف ہنگامی صورتحال میں ہی 911 پر کال کریں تاکہ ضرورت مند متاثرین کو فوری مدد مل سکے اور نظام پر اضافی بوجھ نہ پڑے۔
خیال رہے کہ خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں طوفانی بارشوں، کلاؤڈ برسٹ اور شدید سیلابی ریلوں کے باعث 300 سے زائد افراد جاں بحق ہو چکے ہیں، جب کہ سب سے زیادہ ہلاکتیں بونیر میں رپورٹ ہوئی ہیں۔
وزیراعظم نے خیبرپختونخوا کو ترجیحی بنیادوں پر امدادی سامان کی فراہمی کی ہدایت دی ہے، اور متاثرہ علاقوں میں ریسکیو آپریشنز میں تیزی لانے کے احکامات جاری کیے ہیں۔