راولپنڈی: سیلابی ریلے میں بہنے والے 5 سالہ بچے سمیت 3 افراد کی لاشیں مل گئیں

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

 شدید بارشوں کے باعث پیدا ہونے والی سیلابی صورتحال میں راولپنڈی کے مختلف علاقوں سے 5 سالہ بچے سمیت 3 افراد کی لاشیں برآمد کر لی گئیں، جس کے بعد مون سون بارشوں کے دوران ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 6 ہو گئی ہے۔

latest urdu news

ریسکیو حکام کے مطابق، صدر بھوسا منڈی کے نالے میں پانچ سالہ بچہ ڈوب گیا تھا، جبکہ دھمیال کے علاقے میں ایک نوجوان پاؤں پھسلنے کے باعث سیلابی ریلے میں بہہ گیا۔ واقعے کے بعد ریسکیو ٹیموں نے فوری سرچ آپریشن شروع کیا، تاہم رات کے اندھیرے کے باعث کارروائی روک دی گئی تھی۔ آج دوبارہ آغاز کے بعد لاشیں تلاش کر لی گئیں۔

شدید بارشوں نے راولپنڈی اور اسلام آباد کو بُری طرح متاثر کیا، جہاں 260 ملی میٹر بارش نے معمولاتِ زندگی درہم برہم کر دیے۔ نالہ لئی کی سطح خطرناک حد 21 فٹ تک بلند ہو گئی، جس کے باعث قریبی علاقوں میں پانی گھروں میں داخل ہو گیا۔

شہر کی سڑکیں اور گلیاں تالاب بن گئیں، گاڑیاں پانی میں تیرتی دکھائی دیں، اور شہری تختوں پر بیٹھ کر محفوظ مقامات تک پہنچنے پر مجبور ہو گئے۔ سری نگر ہائی وے پانی میں بہہ گئی، جبکہ مری میں لینڈ سلائیڈنگ کے باعث ایک اہم سڑک کا حصہ بیٹھ گیا۔

انتظامیہ نے صورتحال کی نزاکت کو دیکھتے ہوئے فلڈ ایمرجنسی نافذ کر دی ہے اور متعلقہ اداروں کو الرٹ کر دیا گیا ہے تاکہ کسی بھی مزید جانی و مالی نقصان سے بچا جا سکے۔

 

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter