اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے ’’جشنِ معرکہ حق‘‘ کے موقع پر پاک افواج کی بہادری اور قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے 75 روپے مالیت کا یادگاری سکہ جاری کر دیا۔
اعلامیہ کے مطابق یہ سکہ 15 اگست سے اسٹیٹ بینک کے ایکسچینج کاؤنٹرز پر دستیاب ہوگا۔ سکے کے ایک رخ پر ہلال اور ابھرتا ہوا ستارہ جبکہ دوسرے رخ پر ’’معرکہ حق‘‘ اور سال 2025 درج ہے۔ اس کے گرد دو لڑاکا طیارے، ایک بحری جہاز اور ملٹی پل راکٹ لانچر کی شبیہیں بھی شامل کی گئی ہیں، جب کہ بالائی کنارے پر قومی نعرہ ’’پاکستان ہمیشہ زندہ باد‘‘ نمایاں ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف کا “نشانِ پاکستان” لینے سے انکار، اپنا نام فہرست سے نکال دیا
یہ یادگاری سکہ دراصل اس تاریخی موقع کی یاد تازہ کرتا ہے جب 7 مئی کو بھارت نے پہلگام فالس فلیگ آپریشن کی آڑ میں پاکستان کے شہری علاقوں پر بزدلانہ حملہ کیا، جس کا پاک فوج نے 10 مئی کی علی الصبح بھرپور جواب دے کر بھارتی فضائی دفاعی نظام کو منٹوں میں تباہ کر دیا۔ اس جوابی کارروائی کو ’’آپریشن بنیان مرصوص‘‘ یا ’’معرکہ حق‘‘ کا نام دیا گیا، جس نے دنیا بھر میں پاکستان کی عسکری صلاحیتوں کو منوایا۔
اسی تناظر میں رواں برس یومِ آزادی کو ’’جشنِ معرکہ حق‘‘ کے طور پر بھی منایا گیا، جہاں حکومتِ پاکستان نے مسلح افواج کے ساتھ ساتھ نمایاں خدمات انجام دینے والے فیلڈ مارشل، ایئر چیف اور دیگر شخصیات کو اعزازات سے نوازا۔